رسائی کے لنکس

کراچی: بچوں کو صحت کی مفت معیاری سہولیات کی فراہمی


’چائلڈ لائف فاؤنڈیشن‘ کے سربراہ، ڈاکٹر احسن ربانی نے بتایا ہے کہ 2011ء میں قائم ہونے والا یہ ادارہ کراچی بھر کی مختلف غریب آبادیوں کے قریب معیاری اور جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے پر مشتمل 17 طبی مراکز قائم کر چکا ہے

پاکستان کے شہر کراچی کے نادار بچوں کو صحت کی معیاری سہولیات مفت فراہم کرنے کے لیے، کراچی میں گزشتہ چھ سال سے قائم ایک ادارہ، ’چائلڈ لائف فاؤنڈیشن‘ کام کر رہا ہے۔

یہ ادارہ حکومتِ سندھ کے تعاون سے کراچی کے تین سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے ’ایمرجینسی رومز‘ کی نئی عمارتوں کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ وہاں جدید طبی آلات، معیاری ادویات اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں کی مدد سے کراچی بھر کے لاکھوں غریب بچوں کی زندگیاں بچانے کی جستجو کر رہا ہے۔

ادارے کے انتظامی سربراہ، ڈاکٹر احسن ربانی اِن دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ اُنھوں نے ’وی او اے اردو‘ کے پروگرام ’ہر دم رواں ہے زندگی‘ میں بات کرتے ہوئے، اپنی فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے بتایا کہ چھ سال قبل، کراچی کے ایک سرکاری اسپتال کے ’ایمر جینسی روم‘ سے اپنی فلاحی سرگرمی کا آغاز کرنے والا یہ ادارہ اس وقت تین سرکاری اسپتالوں کے ’ایمر جینسی رومز‘ میں کراچی بھر سے آنے والے بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ’’وہی تمام سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے، جو کسی بھی پرائیویٹ طبی مرکز میں مہنگے داموں فراہم کی جاتی ہیں‘‘۔

ڈاکٹر احسن ربانی نے بتایا کہ 2011ء میں قائم ہونے والا یہ ادارہ کراچی بھر کی مختلف غریب آبادیوں کے قریب معیاری اور جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے پر مشتمل 17 طبی مراکز قائم کر چکا ہے اور 2016ء تک اپنے طبی نیٹ ورک کی مدد سے ادارہ کراچی بھر کے 30 لاکھ مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت مفت فراہم کر چکا ہے، جب کہ وہ اس وقت ہر سال 10 لاکھ مریضوں کا مفت معیاری علاج کر رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس ادارے کی زیادہ تر فنڈنگ پاکستان میں آباد پاکستانی کرتے ہیں جب کہ امریکہ کینڈا اور برطانیہ میں آباد پاکستانی بھی ادارے کے فلاحی مشن میں اس کا ساتھ دیتے ہیں۔

ڈاکتر ربانی نے مزید بتایا کہ پاکستانی امریکی ہر سال ادارے کے مختلف مراکز میں آنے والے لاکھوں بچوں میں سے دو لاکھ بچوں کے علاج کے لیے فنڈز اور خدمات فراہم کرتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’چائلڈ لائف فاؤنڈیشن، پاکستان‘ سے بہت کم آنے والی اچھی خبروں کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ بڑے فخر سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ کراچی بھر کے تمام غریب والدین اپنے بچوں کو کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال میں، صرف 30 منٹ کے اندر اندر چائلڈ لائف فاؤنڈیشن تک لا سکیں گے جہاں انہیں علاج کی وہی سہولت مفت فراہم ہوگی جو پاکستان میں کسی بھی صاحب حیثیت گھرانے کے بچوں کو کسی مہنگے پرائیویٹ طبی مرکز میں حاصل ہو سکتی ہیں، جس کے بعد، ادارہ پورے سندھ میں اور پھر پاکستان بھر میں اپنے دائرہٴ کار کو پھیلانے کے مشن کا آغاز کر دے گا۔

XS
SM
MD
LG