چین کے جنوب مغرب میں اتوار کو زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے جب کہ بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز صوبہ یوننان میں ڈیڑھ کلومیٹر زیر زمین تھا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکے یوننان کے مختلف علاقوں کے علاوہ ملحقہ صوبہ گوآئیزو اور سچوان میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزے سے متعدد عمارتیں اور اسکول زمین بوس ہو گئے جب کہ کئی دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے لوڈیان میں حکومت نے دو ہزار خیموں کے علاوہ دیگر امدادی اشیا پہنچا دی ہیں اور امدادی کارکن کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
چین میں زلزلے کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ 2008ء میں صوبہ سچوان میں آنے والے ایک تباہ کن زلزلے میں لگ بھگ ستر ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔