رسائی کے لنکس

چین کے صدرشی کا تیسری پانچ سالہ مدت کے لیے سربراہ بننے کا امکان روشن ہے : مبصرین


 صدر شی جن پنگ چین کی بیسویں قومی کانگریس سے خطاب کر رہے ہیں ۔۔ 16 اکتوبر 2022
صدر شی جن پنگ چین کی بیسویں قومی کانگریس سے خطاب کر رہے ہیں ۔۔ 16 اکتوبر 2022

بیجنگچینی صدر شی جن پنگ نے اتوار کے روز حکمران کمیونسٹ پارٹی کے پانچ سالہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کی موجودہ اور مستقبل کی پالیسیوں کا مختصر احاطہ کیا۔ انہوں نے کووڈ 19 کے خلاف لڑائی کو زور دیا جبکہ نجی شعبے کی حمایت کا اعادہ کیا اورمارکیٹوں کے کلیدی کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی ، جو ایک اعتبار سے چین کے بنیادی "سوشلسٹ معاشی نظام" کو تبدیل کر رہا ہے۔

کانگریس کے اس اجلاس میں تیسری بارپارٹی کی قیادت کی مدت میں توسیع کی توقع کی جا رہی ہے جو ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور حکمران کے طور پر شی کی حیثیت کو مستحکم کرے گی۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے تقریباً 2,300 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

صدرشی نے اپنے خطاب میں ہانگ کانگ میں پارٹی کے حالات پر قابو پانے کی بھی تعریف کی۔ تائیوان کے بارے میں، شی نے کہا، "ہم نے ریاستی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ اور تائیوان کی آزادی کی مخالفت کرنے کے اپنے مضبوط عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علیحدگی پسندی اور مداخلت کے خلاف ایک بڑی جدوجہد کی ہے۔"

شی نے کہا کہ 9 کروڑ 60 لاکھ ارکان پر مشتمل پارٹی نے "انسانی تاریخ میں غربت کے خلاف سب سے بڑی جنگ جیتی ہے۔"

چین کی قومی کانگریس کے مندوبین
چین کی قومی کانگریس کے مندوبین

اپنے ایک دہائی کے اقتدار میں، 69 سالہ شی نے چین کو تیزی سے آمرانہ راستے پرگامزن کیا ہے جس نے "مشترکہ خوشحالی" کے نام پر سلامتی اور معیشت پر ریاستی کنٹرول کو ترجیح دی ہے۔ تائیوان کی حکومت کے خلاف جارحانہ سفارت کاری اور مضبوط فوجی دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔

صدر شی نے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں ایک اعلیٰ سطحی سوشلسٹ مارکیٹ کا معاشی نظام بنانا چاہیے۔ عوامی ملکیت کے نظام کو غیرمتزلزل اورمضبوط کرنا چاہیے، نجی معیشت کی ترقی کی غیرمتزلزل حوصلہ افزائی اور حمایت کرنا چاہیے، وسائل کی تقسیم میں مارکیٹ کے فیصلہ کن کردار کو پورا کرنا چاہیے"۔ انہوں نے حکومت کے کردار کو بہتر انداز میں ادا کرنے ضرورت پر زور دیا۔

شی نے 2018 میں صدارتی مدت کی حدود کو ختم کر دیا تھا، جس سے ان کے لیے تیسری پانچ سال یا اس سے زیادہ مدت کے لیے حکومت کرنے کا راستہ صاف ہو گیا۔

توقع ہے کہ کانگریس شی جن پنگ کو پارٹی جنرل سیکرٹری، چین کے سب سے طاقتورعہدے کے ساتھ ساتھ مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین کے طور پردوبارہ توثیق کردے گی۔ مارچ میں چین کی پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس میں شی کی صدارت کی تجدید کے امکانات بہت واضح ہیں ۔

کانگریس کے ختم ہونے کے اگلے دن، توقع ہے کہ شی اپنی نئی پولیٹ بیورو سٹینڈنگ کمیٹی کو متعارف کرائیں گے، جو سات افراد پر مشتمل قیادت کی ٹیم ہے۔ اس میں وہ شخص شامل ہو گا جو لی کی چیانگ کی جگہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالے گا ،جب کہ لی مارچ میں اپنی دو میعاد پوری کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

(خبر کا مواد رائٹرز سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG