چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ملک کے امیر ترین شخص حکمران جماعت 'کمیونسٹ پارٹی' کی مرکزی کمیٹی میں شامل ہونے جارہے ہیں۔
حکمران جماعت کے ترجمان 'گلوبل ٹائمز' سمیت کئی اہم اخبارات میں پیر کو شائع ہونے والی خبر کے مطابق صوبہ ہونان سے تعلق رکھنے والے بھاری مشینری تیار کرنے والے گروپ 'سانی' کے چیئرمین لیانگ وینگن نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے وہ پہلے کاروباری فرد بننے جارہے ہیں جنہیں طاقت ور ادارے کی شناخت رکھنی والی 'سینٹرل کمیٹی آف کمیونسٹ پارٹی' کی رکنیت دی جارہی ہے۔
'گلوبل ٹائمز' کے مطابق مرکزی کمیٹی کے شعبہ تنظیم نے لیانگ کی جانچ پڑتال مکمل کرلی ہے اور انہیں 2012ء کے موسمِ خزاں میں ہونے والی کمیونسٹ پارٹی کی '18ویں نیشنل کانگریس' کے موقع پر مرکزی کمیٹی کا رکن یا متبادل رکن منتخب کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ 'فوربز میگزین' کے مطابق لیانگ کے اثاثوں کا تخمینہ 10 ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔
اخبار 'دی ٹائمز ویکلی' نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ مرکزی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے انتخاب کے بعد لیانگ کو ہونان کی صوبائی حکومت یا صوبائی دارالحکومت چانگ شا کی انتظامیہ میں کوئی ذمہ داری تفویض کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی 'سینٹرل کمیٹی' 300 اراکین پر مشتمل ہوتی ہے اور اسے پارٹی کی سیاسی قیادت (پولِٹ بیورو) کی نامزدگی کا اختیار حاصل ہے۔