جنوبی سوڈان کے وزیر اطلاعات نے بتایا ہے کہ نئے ملک کے کلیدی زیریں ڈھانچے کی تعمیر کے منصوبوں کے لیےچین نے آٹھ ارب ڈالر کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہفتے کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں برنابا ماریل بینجامن نے کہا کہ یہ مالی امداد زراعت، ٹیلی مواصلات اور پانی اور بجلی کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔
قرض دینے کےاعلان سے کچھ ہی روز قبل جنوبی سوڈان کے صدر سالوا کیر نے چین کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ تاہم، اُنھوں نے اس ہفتے اپنے اس دورے کو یہ خبریں موصول ہونے کے پیش نظر مختصر کردیا تھا کہ جنوبی سوڈان کے شمالی حریف، سوڈان نے جنوبی سوڈان کی سرحد کے اندر کے اہداف پر بمباری کی ہے۔
ایسے وقت میں جب دونوں ممالک جنگ و جدال کےدہانے پر پہنچ گئے ہیں، چین سوڈان اور جنوبی سوڈان کے ساتھ غیر جانبدار تعلقات قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
سوڈان کے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ چین کی طرف سےخطے میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور علاقے میں موجود اپنے کارکنوں کے لیے خطرات کا باعث بنے گی۔
سوڈانی حکام نے کہا ہے کہ ملک میں چین کی 100کمپنیاں ہیں جہاں 10000سے زائد کارکن کام کررہے ہیں۔
بیجنگ میں، مسٹر کیر سے مالی امداد کا وعدہ کیا گیا، جس میں بینک قرضہ جات اور انسانی بنیادوں پر امداد شامل ہے۔