رسائی کے لنکس

سوڈان اور جنوبی سوڈان تحمل کا مظاہرہ کریں، چین


جنوبی سوڈان کے صدر سلواکیر نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک سوڈان نے ان کے ملک کے خلاف "اعلانِ جنگ" کردیا ہے جب کہ چین نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

صدر سلوا کیر نے یہ بیان منگل کو بیجنگ میں دیا جہاں انہوں نے چین کے صدر ہوجن تاؤ کے ساتھ ملاقات کی۔

چین کے سرکاری ٹی وی اسٹیشن نے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران میں صدر ہو جن تاؤ نے امید ظاہر کی کہ دونوں پڑوسی ممالک سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ روکتے ہوئے اپنے تنازعات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔

یاد رہے کہ سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان سرحدوں کے تعین اور تیل سے متعلق تنازعات کے باعث گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلح جھڑپیں جاری ہیں اور دونوں ممالک حالتِ جنگ میں ہیں۔

چین ان دونوں ممالک سے نکلنے والے تیل کا بڑا خریدار ہے جس کے باعث اسے دونوں حکومتوں پر اثر و رسوخ حاصل ہے۔

قبل ازیں پیر کو سوڈان کے صدر عمر البشیر نے جنوبی سوڈان کے ساتھ مزید مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوب کی حکومت صرف "ہتھیاروں اور بارود" کی زبان سمجھتی ہے۔

جنوبی سوڈان کے حکام کا کہنا ہے کہ سوڈان کے جنگی طیاروں نے منگل کو نوآزاد مملکت کے شہر پناکواچ پر بمباری کی ہے۔

XS
SM
MD
LG