رسائی کے لنکس

چین: طلبہ کو 'خوب صورت خواتین اور ہینڈسم مردوں' سے ہوشیار رہنے کا انتباہ کیوں جاری کیا گیا؟


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • ریاستی سلامتی کے محکموں کو پتا چلا ہے کہ غیر ملکی جاسوسی اور انٹیلی جینس اداروں کے اہلکاروں نے نوجوان طلبہ کو نشانہ بنایا ہے: خفیہ ایجنسی کا بیان
  • غیر ملکی ایجنسیاں خوبصورت خواتین اور ہینڈسم نوجوانوں کے ذریعے طلبہ کو جھوٹے جذبات کے ساتھ محبت کے جال میں پھنساتے ہیں: انتباہ
  • چین کی خفیہ ایجنسی نے طلبہ کو نشانہ بنانے والی کسی بھی غیر ملکی فرم کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ویب ڈیسک چین کی اعلیٰ خفیہ ایجنسی نے حساس ڈیٹا تک رسائی رکھنے والے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’خوبصورت خواتین اور ہینڈسم مردوں‘ سے ہوشیار رہیں کیوں کہ یہ لوگ جھوٹے احساسات پیدا کرکے غیر ملکی اداروں کے لیے جاسوسی پر آمادہ کر سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق چین کی وزارت برائے اسٹیٹ سیکیورٹی نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'وی چیٹ' پر طلبہ کے لیے جاری کیے گئے تفصیلی انتباہ میں کہا کہ طلبہ سے معلومات کے حصول کے لیے ان کو متعدد طریقوں سے پھنسایا جا سکتا ہے۔

اس انتباہ میں کہا گیا کہ ریاستی سلامتی کے محکموں کے پاس اطلاعات موجود ہیں کہ غیر ملکی جاسوسی اور انٹیلی جینس اداروں کے اہلکاروں نے طلبہ کو نشانہ بنایا ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ کے تجسس اور نئی چیزوں کو آزمانے کی خواہش کی خصوصیات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ چین اپنی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے اور اس نے رواں سال اپنے شہریوں کے لیے کئی وارننگز جاری کی ہیں جب کہ کئی ایسے کیسز کا انکشاف کیا ہے جن میں جاسوسی کا عنصر موجود ہے۔

خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی انٹیلی جینس ایجنسیوں کے لیے کام کرنے والے کلاسیفائیڈ اور حساس سائنسی تحقیقی ڈیٹا تک رسائی دے کر کالج کے طلبہ کو خاص طور پر نشانہ بناتے ہیں۔ یہ لوگ خود کو یونیورسٹی اسکالرز، سائنٹیفک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور کنسلٹنگ کمپنیوں کا ملازم ظاہر کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں ایجنسی نے کہا کہ نوجوانوں خاص طور پر طلبہ کو مارکیٹ ریسرچ، تعلیم کے لیے معلومات کے تبادلے کے نام پر پارٹ ٹائم مواقع پر زیادہ معاوضہ دینے کا لالچ دیا جاتا ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے دلچسپی اظہار کرنے کے بعد غیر ملکی انٹیلی جینس ایجنسیاں سوشل میڈیا، ٹیلی فون یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نام نہاد مفت ٹریننگ اور رہنمائی فراہم کریں گی۔ یہاں تک کہ وہ "ہینڈسم لڑکوں اور خوبصورت خواتین" کے ذریعے نوجوان طلبہ کو جھوٹے جذبات کے ساتھ محبت کے جال میں پھنساتے ہیں۔

ایجنسی کی جانب سے طالبِ علموں کو نشانہ بنانے والی کسی بھی غیر ملکی فرم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ایجنسی نے فوری طور پر اس بیان پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG