رسائی کے لنکس

دو دہائی بعد پہلی مرتبہ میسی اور رونالڈو 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ کی دوڑ سے آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • بیلن ڈی اور انتظامیہ نے 30 فٹ بالرز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جو اس سال ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
  • سال 2003 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ میسی اور رونالڈو ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں ہوئے ہیں۔
  • میسی اپنے کریئر میں آٹھ مرتبہ جب کہ رونالڈو پانچ بار بیلن ڈی اور کے حق دار ٹھہرے ہیں۔
  • فیفا کی رینکنگ کے ابتدائی 100 ممالک کے صحافیوں پر مشتمل جیوری بیلن ڈی اور کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا انتخاب کرتی ہے۔
  • بیلن ڈی اور کے ایوارڈ کی تقریب رواں برس 28 اکتوبر کو فرانس کے شہر پیرس میں ہوگی۔

ویب ڈیسک _ فٹ بال کی گزشتہ دو دہائی پر مشتمل تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دنیا کے نامور فٹ بالر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔

'بیلن ڈی اور' دنیائے فٹ بال کا سب سے نمایاں ایوارڈ ہے جو رواں برس اکتوبر میں اس سال کے بہترین فٹ بالر کو دیا جائے گا۔

ایوارڈ کی انتظامیہ نے بدھ کو ان 30 فٹ بالرز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جو اس سال یہ ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں لیکن ان ناموں میں میسی اور رونالڈو کا نام موجود نہیں۔

سال 2003 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں اسٹار فٹ بالر کے نام ایوارڈ کے نامزد کردہ ناموں میں شامل نہیں ہیں۔

ارجنٹائن کے لیونل میسی اپنے کریئر میں آٹھ مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں اور آخری بار انہیں یہ ایوارڈ 2023 میں ملا تھا جب کہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پانچ بار 'بیلن ڈی اور' کے حق دار ٹھہرے ہیں۔

'بیلن ڈی اور' کی دوڑ میں شامل 30 فٹ بالرز میں سے بیشتر یورو 2024 کی فاتح اسپین اور چیمپئنز لیگ کی کامیاب ہونے والی ٹیم ریال میڈرڈ کے کھلاڑی ہیں۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی رینکنگ کے ابتدائی 100 ممالک کے صحافیوں پر مشتمل جیوری 'بیلن ڈی اور' کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا انتخاب کرتی ہے۔

جیوری نے بدھ کو جن 30 ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں فرانسیسی اسٹار فٹ بالر کلیان امباپے سمیت ریال میڈرڈ کے جوڈی بلنگھم، ٹونی کروس، انتونیو روڈیگر، ڈینی کاروجل اور فیدی والورد شامل ہیں۔

برازیل کے فارورڈ کھلاڑی ونیشیس جونیئر، اسپین کے الیجیندرو گریملدو، ڈینی اولمو، روڈری، نکو ولیمز اور لامائن یمل بھی شامل ہیں۔

اسی طرح مانچسٹر سٹی کے ناروے سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹ بالر ارلن ہالاند اور انگلش اسٹرائیکر ہیری کین سمیت دیگر مذکورہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والوں میں شامل ہیں۔

'بیلن ڈی اور' ایوارڈ کی تقریب رواں برس 28 اکتوبر کو فرانس کے شہر پیرس میں ہوگی۔

(اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔)

فورم

XS
SM
MD
LG