رسائی کے لنکس

جنوبی بحیرہ میں چینی لڑاکا طیاروں کی امریکی جہاز کی پرواز میں مداخلت


جے 11 چینی لڑاکا طیارہ (فائل فوٹو)
جے 11 چینی لڑاکا طیارہ (فائل فوٹو)

امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ چینی لڑاکا طیارے امریکی جہاز کے اتنے قریب سے گزرے کہ پائلٹ کو تصادم سے بچنے کے لیے جہاز کو دو سو فٹ تک نیچے لے جانا پڑا۔

امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں بین الاقوامی پانیوں پر محو پرواز اس کے ایک طیارے کے قریب سے دو چینی لڑاکا طیاروں نے خطرناک انداز میں مداخلت کی۔

حکام کے مطابق چینی طیارے امریکی جہاز کے 50 فٹ قریب سے گزرے۔

پینٹاگان نے اس واقعے کو غیر محفوظ مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ دو چینی جے۔11 لڑاکا طیارے امریکی جہاز ای پی-تھری ایریز کے اتنے قریب سے گزرے کہ پائلٹ کو تصادم سے بچنے کے لیے جہاز کو دو سو فٹ تک نیچے لے جانا پڑا۔

نگرانی کرنے والا امریکی جہاز اس علاقے میں معمول کی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ہانگ کانگ کے جنوب میں سمندر کے شمالی حصے میں پیش آیا۔

یہ عہدیدار واقعے کی تفصیلات بتانے کے مجاز نہیں ہیں اس لیے انھوں نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا۔

بحیرہ جنوبی چین میں بیجنگ اور واشنگٹن کے مابین حالیہ مہینوں میں تناؤ کی سی فضا دیکھنے میں آ چکی ہے۔

چین اس سمندر میں جزیروں پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کا کرتا ہے لیکن خطے کے دیگر ممالک بھی ایسے ہی دعوے کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ خطہ متنازع حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

چین نے حالیہ برسوں میں یہاں مصنوعی جزائر بنانے کے علاوہ ایک فضائی پٹی اور عسکری نوعیت کی تعمیرات بھی کی ہیں جس پر امریکہ تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس تنازع میں کسی ایک فریق کی طرفداری نہیں کرتا لیکن فریقین کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس کا حل پرامن انداز میں تلاش کرنا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG