رسائی کے لنکس

پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخی کے بعد کرس گیل کے ٹوئٹ پر شائقین خوش، 'آپ اصل چیمپئن ہیں'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورۂ پاکستان اچانک منسوخ کرنے پر جہاں شائقینِ کرکٹ ناراض ہیں وہیں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اور مایہ ناز بلے باز کرس گیل کے ایک ٹوئٹ کے بعد ان کا نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نہ صرف گرس گیل کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے بلکہ پاکستانی شائقین انہیں اصل 'چیمپئن' بھی قرار دے رہے ہیں۔

کرس گیل کی جانب سے ہفتے کو ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ کل یعنی اتوار کو پاکستان جا رہے ہیں اور کون ان کے ساتھ آنا چاہتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور جارحانہ مزاج بلے باز کی جانب سے یہ ٹوئٹ ایسے وقت میں کیا گیا جب جمعہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کو شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل منسوخ کرنے پر پاکستانی شائقین کرکٹ ناراض اور غصہ میں ہیں۔

اس سیریز کی منسوخی کی وجہ نیوزی لیںڈ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کو قرار دیا گیا تھا البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ انہیں کس طرح کے سیکیورٹی خدشات ہیں۔

نیوزی لینڈ کے اس اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اس کے نو منتخب چیئرمین رمیز راجہ کا بھی ردِعمل سامنے آیا تھا اور رمیز راجہ نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے؟ اب ان سے آئی سی سی میں ملاقات ہو گی۔

سیریز کی منسوخی پر پاکستانی شائقینِ کرکٹ اور دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز مایوس اور ناراض تھے اور گزشتہ دو روز سے نیوزی لینڈ مخالف ٹرینڈ چلائے جا رہے تھے۔

اسی اثنا میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ردِ عمل دیا اور ان کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔

پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے کرس گیل کی ٹوئٹ پر لکھا کہ '' خوش آمدید کرس گیل آپ اصل چیمیئن ہیں، پاکستان کی طرف سے آپ کو بہت زیادہ پیار۔''

کرکٹر شاداب خان نے کرس گیل کے ٹوئٹ پر جواب دیا کہ 'آپ جب بھی پاکستان آنا چاہیں آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔'

پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھی گرس گیل کی ٹوئٹ کا جواب دیا اور انہوں نے لکھا 'پارٹی آن' ہے۔

کرس گیل کے ٹوئٹ پر ڈینس کرکٹ نامی صارف نے جواب دیا کہ 'اگر مجھے آسٹریلوی حکومت نے جانے دیا تو میں کل آپ کے ساتھ چلوں گا۔'

پاکستانی صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے ٹوئٹ کیا کہ آپ ہمیں ہمیشہ گرم جوشی سے استقبال کرتا پائیں گے کیوں کہ ہم کرکٹ سے محبت اور دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں۔

ٹوئٹر پر وجاہت کاظمی نامی صارف نے گیل کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ان کے اس عمل کو سراہا۔

فروہ منیر نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ 'ہم پاکستان میں آپ کا پرجوش استقبال کرتے ہیں، پاکستان کے لیے آپ کی محبت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔'

فضل عباس نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ''ہم آپ کا پرجوش طریقے سے استقبال کرتے ہیں۔ آپ یہاں آ کر خوش ہوں گے، آپ یہاں ہر لمحہ لطف اندوز ہوں گے، آپ اصل ہیرو ہیں۔'' انہوں نے نیوزی لینڈ کی حکومت پر تنقید بھی کی۔

ٹوئٹر پر نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی گرس گیل کو سراہا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گرس گیل کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'دی یونیورس باس'، ساتھ ہی کرس گیل کے نام کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

کرس گیل کی ٹوئٹ پر مریم نامی صارف نے لکھا کہ ''آپ لیجنڈ ہیں۔''

XS
SM
MD
LG