رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کرسمس کا جشن، رنگوں کی بہاریں، خوشیوں کی سوغات


مغربی کنارے میں واقع شہر بیت اللحم میں سینکڑوں افراد حضرت عیسیٰ کی پیدائش سے منسوب چرچ کے باہر جمع ہوئے جب کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی اس میں شرکت کی۔ (فائل فوٹو)
مغربی کنارے میں واقع شہر بیت اللحم میں سینکڑوں افراد حضرت عیسیٰ کی پیدائش سے منسوب چرچ کے باہر جمع ہوئے جب کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی اس میں شرکت کی۔ (فائل فوٹو)

دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مسیحی عقائد کے مطابق کرسمس کا دن حضرت عیسیٰ کی بیت اللحم میں پیدائش سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اس لیے دنیا بھر کی طرح اسرائیل میں کرسمس کی تقریبات بڑے پیمانے پر منعقد ہوتی ہیں۔

کرسمس سے ایک رات قبل مغربی کنارے میں واقع شہر بیت اللحم میں سینکڑوں افراد حضرت عیسیٰ کی پیدائش سے منسوب چرچ کے باہر جمع ہوئے جب کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی اس میں شرکت کی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی ایک رپورٹ کے مطابق مسیحی برادری سب سے بڑے اور اہم مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے دنیا بھر میں آباد ایک ارب 30 کروڑ کیتھولک افراد کے لیے کرسمس کی تقریبات کا آغاز کیا۔

بدھ کی صبح ویٹیکن میں کرسمس کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں پوپ فرانسس نے خطاب کیا اور دعا کرائی۔ دعائیہ تقریب سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں ہوئی جس میں 60 ہزارافراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب میں پوپ فرانسیس نے کہا کہ امید کا دامن نہ چھوڑیں، دوسروں کے لیے مثالی بنیں۔ کسی سے اچھا سلوک روا رکھنے کے لیے اس کے اچھے ہونےکا انتظار نہ کریں۔

پوپ فرانسیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خدا ہم سب سے بہت زیادہ محبت کرتا ہے۔

ادھر امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں واقع وائٹ ہاؤس میں چند ہفتوں پہلے ہی کرسمس ٹری روایتی انداز سے پہنچایا اور سجایا جا چکا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کرسمس کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

کرسمس سے ایک رات قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لوریڈا کے ایک چرچ بھی گئے اور بعد میں فلوریڈا کے ہی ایک ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھایا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرسمس کی تقریبات جاری ہیں۔ بدھ کی صبح گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوئیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور ایک دوسرے کو کرسمس کی مبادک دی جب کہ تحفوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر ریلوے انتظامیہ نے اضافی رش کے پیش نظر اور مسیحی برادری کی سہولت کے لیے راولپنڈی اور کراچی کینٹ کے درمیان کرسمس اسپیشل ٹرینیں چلائی ہیں جس میں مسیحی برادری کو کرایوں میں 20 فی صد رعایت دی گئی ہے۔

کرسمس کی مناسبت سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی گرجا گھروں کو خوب صورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ کرسمس سے کئی روز پہلے سے گرجا گھروں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں مثلاً لاہور، کراچی، اسلام آباد و راولپنڈی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں کرسمس ٹری، بیکریاں، کرسمس کیک اور ہوٹلز لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

مختلف شہروں میں 12 بجتے ہی گرجا گھروں می دعائیہ تقریبات کے ساتھ ساتھ آتش بازی بھی کی گئی۔ لوگوں نے اس موقع پر خصوصی طور پر نئے کپڑے زیب تن کیے اور آپس میں کرسمس کیک اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

XS
SM
MD
LG