رسائی کے لنکس

ایران، مشرق وسطیٰ میں احتجاجوں کو ’ہائی جیک‘ کرنےکی کوشش کر رہا ہے: ہلری کلنٹن


ایران، مشرق وسطیٰ میں احتجاجوں کو ’ہائی جیک‘ کرنےکی کوشش کر رہا ہے: ہلری کلنٹن
ایران، مشرق وسطیٰ میں احتجاجوں کو ’ہائی جیک‘ کرنےکی کوشش کر رہا ہے: ہلری کلنٹن

ہلری کلنٹن نے ایران پر منافقت کی چالیں چلنے اور شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں میں مقبول بغاوتوں کے ساتھ اپنا ناتا جوڑنے کی کوشش کرنےکا الزام لگایا، جب کہ وہ اندرونِ ملک اور اپنے کلیدی اتحادی شام میں جمہوریت کےحق میں اُٹھنے والی تحاریک کو کچلنا چاہتا ہے

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعے کے روز ایران پر مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں جمہوریت کےحق میں ہونے والے احتجاجوں کو اپنےمقاصد کے لیے استعمال کرنے اور ہائی جیک کی کوشش کرنےکا الزام عائد کیا ہے۔

ہلری کلنٹن نے یہ بات برلن میں نیٹو کے وزائے خارجہ کےاجلاس کےاختتام پرتقریر میں کہی، جس کا مقصد لیبیا اور علاقے میں رونما ہونے والی شورش پر گفتگو کرنا تھا۔

اِس موضوع پر اب تک کے اپنےسخت ترین بیان میں ہلری کلنٹن نےایران پر منافقت کی چالیں چلنے اور شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں میں مقبول بغاوتوں کے ساتھ اپنا ناتا جوڑنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا، جب کہ وہ اندرونِ ملک اور اپنے کلیدی اتحادی شام میں جمہوریت کے حق میں اُٹھنے والی تحاریک کو کچلنے کا خواہاں ہے۔

برلن میں اُن کی تقریر سے ایک روز قبل امریکی محکمہٴ خارجہ نے ایران پر شام میں سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے مادی مدد فراہم کرنے کا الزام لگایا۔ ہلری کلنٹن نے کہا کہ اِس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ کو احتجاجوں پراکسایا ہے، تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ایران کشیدگی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش ضرور کررہا ہے۔
ہلری کلنٹن نے کہا کہ شام میں حکومت مخالف احتجاج پر ایران کی طرف سے خاموشی اختیار کرنا ایرانی منافقت کی ایک اور مثال ہے اور کہا کہ فوری ابلاغ کے اِس دور میں ایران اپنی چالوں سےکسی کوبیوقوف نہیں بنا سکتا۔

جمعرات کو ’دِی وال اسٹریٹ جرنل‘ نے امریکی عہدے دارو ں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران، شام کو ہجوم پر کنٹرول کرنے کے آلات کے ساتھ ساتھ شام کے احتجاجی مظاہرین کی طرف سے انٹرنیٹ، سیل فونز اور ٹیکسٹ مسیجنگ کے استعمال کو بلاک کرنے اور اُس پر نظر رکھنے میں مدد دے رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG