کو لمبیا میں شدید بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 254 ہو گئی ہے۔
کولمبیا کے صدر خوان مانوئل سنٹوس نے بارشوں اور مٹی کے تودے پھسلنے سے متاثرہ علاقے موکوا کا دورہ کیا اورایمرجینسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم صورت حال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔
انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ جیسے جیسے زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کاکام آگے بڑھتا ہے تو ہلاکتوں کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
کولمبیا کے صوبے پوٹومائیو کے گورنر سورل ایروکا نے اس صورت حال کو ایسا سانحہ قرار دیا ہے جس کی پہلے سے کوئی مثال موجود نہیں ہے۔
انہوں نے ڈبلیو ریڈیو کے ساتھ اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ہمیں ابھی تک سینکڑوں خاندان نہیں مل سکے اور کئی تو پوری کی پوری آبادیاں غائب ہو چکی ہیں۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں ایک دریا اپنے کناروں سے چھلک پڑا اورسیلابی ریلے اپنے ساتھ بڑے پیمانے پر مٹی بہاتے ہوئے جمعے کی رات ساڑھے تین لاکھ کی آبادی کے شہر میں داخل ہوگئے۔