رسائی کے لنکس

یو ایس اے جی ایم کے سیکڑوں صحافیوں کے افغانستان سے انخلا میں ناکامی پر تنقید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ری پبلکن پارٹی کے رکن مائیکل میکول نے کہا ہے کہ یہ انتہائی ہتک آمیز ہے کہ امریکہ کی حکومت افغانستان میں فوجی آپریشن کے باقاعدہ اختتام سے قبل وہاں سے یو ایس اے جی ایم کے صحافیوں کے انخلا میں ناکام رہی ہے۔

وائس آف امریکہ کے لیے ایشا سرائے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ایوان نمائندگان کی داخلی امور کمیٹی کے ری پبلکن رہنما مائیکل میکول نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ 'یہ انتہائی شرم ناک ہے کہ محکمۂ خارجہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے مقامی ملازمین کا انخلا مکمل کر لیا ہے۔ حقیقت میں وہ یو ایس اے جی ایم کے سیکڑوں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو وہاں چھوڑ آئے ہیں۔'

یو ایس ایجنسی فار گلوبل میڈیا (یو ایس اے جی ایم) ایک خود مختار وفاقی ادارہ ہے جس میں وائس آف امریکہ اور ریڈیو لبرٹی سمیت کئی نیوز نیٹ ورک شامل ہیں۔

مائیکل میکول نے اندازہ ظاہر کیا کہ یو ایس اے جی ایم کے لگ بھگ 500 ملازمین اور اہلِ خانہ اب بھی افغانستان میں ہیں۔

ان کے بقول ان افراد میں سے کئی کو بائیڈن انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں وہاں سے نکالا جائے گا۔

البتہ اس تمام صورتِ حال پر یو ایس اے جی ایم کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

ایوان نمائندگان کے خارجی امور کے ری پبلکنز نے وی او اے کو بتایا کہ وہ انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ یو ایس اے جی ایم کے ملازمین کے محفوظ انخلا کو یقینی بنائیں۔ البتہ کہا گیا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں ہے کہ امریکی فوجی انخلا کے بعد یہ کب تک ممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ نجی طیاروں سے بھی انخلا پر زور دیا جا رہا ہے۔ وہ صحافیوں کو نکالنے اور بحفاظت ایئرپورٹ پہنچانے کی پریشانیوں سے آگاہ ہیں۔

پیر کو پینٹاگان میں ایک پریس کانفرنس میں افغانستان کے لیے امریکی مشن ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ صحافیوں کو بتایا گیا تھا کہ کابل سے امریکی فضائیہ کا آخری طیارہ رات گئے روانہ ہو گیا۔

منگل کو بریفنگ کے دوران جب ترجمان محکمۂ خارجہ نیڈ پرائس سے یو ایس اے جی ایم کے صحافیوں سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم انہیں جتنا جلد ممکن ہو سکا بحفظات واپس لانے کے لیے غیر معمولی اور مناسب حد تک کوشش کر رہے ہیں۔

کابل سے امریکی فوجی انخلا کے مکمل ہونے سے کچھ دن قبل درجنوں قانون سازوں نے صدر بائیڈن پر زور دیا تھا کہ وہ یو ایس اے جی ایم کے سیکڑوں صحافیوں کی بحفظات واپسی یقینی بنائیں۔

کانگریس کے 67 اراکین کے دستخط شدہ خط میں کہا گیا کہ 'ہم آپ پر زور دیتے ہیں کہ یو ایس اے جی ایم کے 550 ملازمین اور ان کے اہل خانہ صحافیوں سے مختلف نہیں ہیں جنہیں آپ نے ہی نکالنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔'

XS
SM
MD
LG