آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ عالمی میچ میں بنگلہ دیش کو 66 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی ہے۔
بدھ کے روز ڈھاکہ کے شیرِ بنگال نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل ہسی نے 91 بالوں پر 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ میچ میں 15 چھکے لگا کر کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے اوپنر شین واٹسن نے 72 رنز بنائے۔ سابق کپتان رکی پونٹنگ اور ورلڈ کپ کے بعد ان کی جگہ سنبھالنے والے مائیکل کلارک نے 47، 47 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضیٰ اور عبدالرزاق نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً بنگلہ دیش کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز میں 295 رنز بناسکی۔ بنگلہ دیش کی جانب امراءالقیس 93 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ محموداللہ نے 68 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔
مچل جانسن نے 67 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کا 9 اپریل کو کھیلا جانے والا پہلا میچ 60 رنز سے جبکہ 11 اپریل کو ہونے والا دوسرا میچ نو وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
شین واٹسن کو تینوں میچوں میں مجموعی طور پر 294 رنز بنانے اور تین وکٹیں حاصل کرنے پر 'مین آف دی سیریز' قرار دیا گیا۔