انگلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیرز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے۔
پیر کو کھیلے گئے میچ میں شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے عمر اکمل تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ مقررہ 20اووروں میں پاکستان نے 167 رنز بنائے اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 18.4اوور میں صرف 144 رنز بنا کر آٴوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور سعید اجمل نے تین،تین،عمر گل نے دو،عبدالرزاق اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا دوسرا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ منگل کو برمنگھم میں کھیلا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم رواں سال ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ اور ایشیا کپ میں مجوعی طور پرخاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی جب کہ گذشتہ سال دورہ آسٹریلیا کے دوران بھی اسے میزبان ٹیم کے ہاتھوں بری طرح شکست ہوئی تھی۔
پاکستانی ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں ہے جہاں آسٹریلیا کے ساتھ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی جب کہ انگلینڈ کے ساتھ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی،پانچ ایک روزہ اور چار ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔