انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 'سلو اوور ریٹ' کی پاداش میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ایک ٹیسٹ میچ کے لیے معطل کردیا ہے۔
'آئی سی سی' کے ایک بیان کے مطابق پیر کو کولمبو میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان متعین وقت میں مقررہ 50 اوور نہیں کرا پایا تھا۔
پاکستان نے ساڑھے تین گھنٹے کے مقررہ وقت میں تین اوور کم کرائے تھے جو محدود اوورز کے میچوں کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
'آئی سی سی' نے 'سلو اوور ریٹ' پر میچ میں شریک پاکستان کے ہر کھلاڑی پر میچ فیس کا 40 فی صد جرمانہ بھی عائد کیا ہے جب کہ کپتان مصباح الحق کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
پاکستان نہ صرف مذکورہ میچ دو وکٹوں سے ہار گیا تھا بلکہ اسے میزبان ٹیموں کے ہاتھوں سیریز میں بھی 1-3 کی شکست اٹھانی پڑی تھی۔
معطلی کے باعث مصباح جمعے سے گال میں شروع ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق مصباح کی جگہ نائب کپتان محمد حفیظ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔