رسائی کے لنکس

چوتھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز


ٹورنامنٹ میں شامل 12 ٹیموں کے کپتان
ٹورنامنٹ میں شامل 12 ٹیموں کے کپتان

کرکٹ کے اس فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم سے کبھی بھی کھیل کا پانسہ پلٹنے کی توقع کی جاسکتی ہے اور یہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لوگوں کی دلچسپی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا چوتھا عالمی کپ ٹورنامنٹ منگل سے سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہمبنٹوٹا میں میزبان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

2007ء میں پہلی مرتبہ کرکٹ کی عالمی تنظیم نے اس کا عالمی کپ منعقد کرایا تھا۔

جنوبی افریقہ میں ہونے والے اس پہلے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دی تھی جب کہ 2009ء انگلینڈ میں ہونے و الے دوسرے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تیسرا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2010ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا جس کا کپ انگلینڈ کے حصے میں آیا۔ اس نے آسٹریلیا کو سات رنز سے شکست دی تھی۔

اس بار ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں انگلینڈ، بھارت اور افغانستان۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ۔ گروپ سی میں سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے جب کہ گروپ ڈی میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی دس ٹیمیں براہ راست اس ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں جب کہ افغانستان اور آئرلینڈ نے مارچ میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کوالیفائینگ راؤنڈ میں کامیابی کے بعد ان مقابلوں میں جگہ بنائی ہے۔

چاروں گروپس کی دو، دو بہترین ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور ان میں سے سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔ انگلینڈ اس بار اپنے اعزاز کا دفاع کررہا ہے۔


ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی بیٹنگ کا ایک انداز
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی بیٹنگ کا ایک انداز
کرکٹ کے اس فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم سے کبھی بھی کھیل کا پانسہ پلٹنے کی توقع کی جاسکتی ہے اور یہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لوگوں کی دلچسپی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

اب تک ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں سری لنکا کے مہیلا جے وردنے نے 18 میچوں میں 615 رنز بنا کر سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے جب کہ کسی بھی ایک میچ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2007ء کے ورلڈ کپ میں 57 گیندوں پر 117 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے شاہد آفریدی بیس میچوں میں 27 وکٹوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔

2007ء میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے جو کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ مجموعی اسکور ہے۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی میں نئے کھلاڑیوں کے ساتھ کچھ سینیئر تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور اس کی حالیہ کارکردگی کی بنا پر شائقین کرکٹ اسے دوسری ٹیموں کے لیے ایک مضبوط حریف تصور کرر ہےہیں۔
XS
SM
MD
LG