رسائی کے لنکس

سنچریوں کی سنچری۔ کیا بات ہے؟


اِس وقت بھی وہ کرکٹ کے عشق میں اِسی طرح گرفتار ہیں جس طرح پہلے دن تھے۔ ٹیم نے اگر طے شدہ پروگرام کے مطابق پریکٹس نہ بھی کرنا ہو تو سچن اکیلے پریکٹس کرتے نظر آئیں گے۔ یہی وہ جنون ہے جس نے سچن کو عظیم بنا دیا ہے

کرکٹ 16 مارچ کا دن کبھی نہیں بھول پائے گی، جب سچن ٹنڈولکر نے شیربنگلہ سٹیڈیم بنگلہ دیش میں ، سکوئر لیگ پر شاٹ کھلیتے ہوئے ایک عظیم تریں ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ ریکارڈ ہے بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری کا۔

لیجنڈ بلے باز نے ایک اور کرشمہ کر دکھایا۔ سنچریوں کی سنچری۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک روزہ میچوںمیں 18374 مجموعی رنز کے ساتھ سب سے آگے، 49 نصف سینچریاں 95 نصف سنچریاں یعنی ون ڈے میں نصف سنچریوں کی سنچری سے صرف پانچ ففٹیوں کا فاصلہ اور سنچریوں کی ففٹی سے صرف ایک سنچری کی دوری۔ اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی رنز 15470 جو 51 سنچریوں اور 65 نصف سنچریوں سے مزین ہیں۔ کتنے ریکارڈز ہے جو سچن کے نام سے سجے ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ڈبل سنچری کا جب خیال آتا تھا توسعید انور، شاہد آفریدی، جے سوریا، سہواگ، گلکرسٹ جیسے کھلاڑیوں کے نام ذہن میں آتے تھے کہ یہ کارنامہ انہی میں سے کوئی انجام دے سکتا ہے۔ سعید انور21 مئی سنہ1997 کو بھارت کے خلاف ڈبل سنچری سے صرف 6 رنز دوری پر ہمت ہار گئے۔ پھر برسوں بعد ایک نامعروف کھلاڑی، زمبابوے کے چارلس کوونٹری نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ بہرحال، ون ڈے کرکٹ کو پہلی ڈبل سنچری دیکھنے کے لیے تقریبا 60 سال لگے اور 200 کے فگر کے سامنے جس کھلاڑی کا نام لکھا تھا وہ کوئی اور نہیں، سچن ٹنڈولکر تھے، جنہوں نے 24 فروری 2010ء کو جنوبی افریقہ جیسے مضبوط باولنگ اٹیک کے خلاف 200 ناٹ آوٴٹ کی یادگار اننگ کھیلی۔ ان کے اپنے ساتھی اوپنر وریندر سہواگ نے 8 دسمبر 2011ء کو ایک روزہ میچوں کی دوسری ڈبل سنچری سکور کی اور 219 کے انفرادی سکور کے ساتھ سب سے لمبی اننگ کھیلنے والوں میں سرفہرست ہیں۔

کرکٹ کے بدلتے ہوئے رنگ ڈھنگ، خاص طور پر جارحانہ بلے بازی کی حوصلہ افزائی کرنے والے ماحول میں یہ تو ہوسکتا ہے کہ آئندہ ڈبل سنیچری بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست طویل ہو جائے لیکن سچن ٹنڈولکر سے یہ اعزاز کون چھین سکے گا کہ وہ دنیائے کرکٹ میں ایک روزہ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی تھے؟

ایسے وقت میں جب کرکٹ زیادہ ہوری ہے اور کرکٹرز کی کھیلنے کی عمر مقابلے کی فضا میں سکڑ رہی ہے، یہ کیا غیرمعمولی بات نہ ہو گی کوئی سچن ٹنڈولکر کی طرح 23 سال اپنی ٹیم کا جزو لا ینفک رہے؟ کرکٹ کے ساتھ عقیدت بھی اتنی کہ کرکٹ کے علاوہ جیسے کچھ سوچنا بھی’’ گناہ‘‘ سمجھے؟ دنیائے کرکٹ میں اتنا بڑا نام کمانے کے باوجود، عجز اور خاکساری اس مقام پر کہ کہتے ہیں، جب بھی گراونڈ میں آتا ہوں، یہ نہیں سوچتا کہ کتنی سنچریاں بنا رکھی ہیں، سوچتا ہوں کہ آج کیسے ٹیم کے لیے سکور کرناہے۔ کوئی ہوگا ایسا کرکٹر جو سچن ٹنڈولکر کی طرح خود کو کسی بھی طرح کے تنازعات سے دور رکھے گا، کپتانی کی چاہ، نہ بورڈ اور ٹیم کی مختلف ادوار میں سیاست سے غرض۔ غرض تو صرف گیند اور بیٹ کی کیمسٹری پر۔۔۔

بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کرن مورے نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچن تمام نوجوان کرکٹروں کے لیے مثالی کردار ہیں۔ جنہوں نے کبھی غرور نہں کیا، وہ اپنے نام پر اترائے ہیں نہ انہوں نے کسی کو کھیل کے میدان میں کم تر سمجھا ہے۔ وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے عزت اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے کے باوجود اپنے پاوٴں زمین سے اکھڑنے نہیں دیے۔ وہ کہتے ہیں کہ سچن کی انٹرنیشنل کرکٹ کتنی باقی ہے، اس کا فیصلہ تو سچن ہی کریں گے، مگر اس وقت تو وہ کرکٹ کے عشق میں اسی طرح گرفتار ہیں جس طرح پہلے دن تھے۔ ٹیم نے اگر طے شدہ پروگرام کے مطابق پریکٹس نہ بھی کرنا ہو تو سچن اکیلے پریکٹس کرتے نظر آئیں گے۔ یہہی وہ جنون ہے جس نے سچن کو عظیم بنا دیا ہے۔

پاکستان کے سابق کرکٹرحنیف محمد جو سچن کی طرح اپنے وقت کے ’’لٹل ماسٹر‘‘ کہلائے، کہتے ہیں کہ دنیا میں سچن ٹنڈولکر جیسا بلے باز آیا ہے اور نہ شاید آئے گا۔ ان کے بقول سچن ٹنڈولکر ڈین بریڈ مین سے بھی بڑے کھلاڑی ہیں۔ ان کی سنچریوں کی سنچری ، حنیف محمد ، کہتے ہیں،ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔ وہ اس کے مستحق تھے۔

بھارت سے ایک سپورٹس جرنلسٹ نریندر پال سنگھ نے وی او اے کے پروگرام میں بتایا کہ بے شک بھارت، ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش سے میچ ہار گیا ہے لیکن ملک میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں، مٹھایاں بانٹی جا رہی ہیں کہ سچن ٹندولکر نے بھارت کے لیے ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے سنچریوں کی سنچری سکو ر کر کے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں بجٹ پیش ہونے جیسی اہم خبر، سچن کی سنچری میں دھول بن گئی ہے کہ ہر ٹی وی چینل، ریڈیو پر سچن کا تذکرہ ہے۔

غالبا گریگ چیپل نے کیا خوب کہا تھا: ’کرکٹ کا کھیل اگر مذہب ہوتا تو سچن اس کے گاڈ ہوتے‘۔

XS
SM
MD
LG