رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011: آسٹریلیا نے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا


کرکٹ ورلڈ کپ 2011: آسٹریلیا نے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا
کرکٹ ورلڈ کپ 2011: آسٹریلیا نے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا

کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2011 کیلئے 15 رکنی حتمی آسٹریلین ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ رواں ایشز سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے مائیک ہسی اور ان کے بھائی ڈیوڈ ہسی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ رکی پونٹنگ ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

آئی سی سی ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں پہلے نمبر کی حامل اور گزشتہ تین ورلڈ کپ میں مسلسل فتح حاصل کرنے والی آسٹریلین ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے ٹیم کے چیف سلیکٹر انیڈریو ہلڈچ کا کہنا تھا کہ ان کی منتخب کردہ ٹیم مسلسل چوتھا ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت کی حامل ہے اور یہ اعزاز ضرور حاصل کرے گی۔

منگل کے روز کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہلڈچ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک اور بریٹ لی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اسٹیو اسمتھ جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنی کارکردگی ثابت کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں 2007 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح حاصل کرنے والی آسٹریلین ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط پوزیشن میں آگئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں شان ٹیٹ، شین واٹسن، مائیک ہسی، مچل جانسن اور بریٹ لی شامل ہیں۔

صرف دو عالمی ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے25 سالہ آل راؤنڈر جان ہیسٹنگ بھی 15 رکنی اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف جاری سات میچوں کی ون ڈے سیریز کے گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے مائیک ہسی کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مائیکل ہسی کی منگل کے روز سرجری انجام دے دی گئی ہے اور ورلڈ کپ میں ان کی شرکت ان کی صحت یابی اور آپریشن کے بعد ہونے والی فٹنس سرگرمیوں میں ان کی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔

مائیکل ہسی کے بھائی بلے باز ڈیوڈ ہسی کو بھی ٹیم میں دوبارہ شامل کرلیا گیا ہے۔ ہسی نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ اکتوبر 2009 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا 19 فروری سے شروع ہونے والے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔ دو اپریل تک جاری رہنے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں کل چودہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ-اے میں آسٹریلیا کے ہمراہ زمبابوے، نیوزی لینڈ، سری لنکا، کینیا، کینیڈا اور پاکستان شامل ہیں۔

انجری کا شکار ہونے والے مائیک ہسی کے علاوہ آسٹریلین اسکواڈ کے باقی تمام 14 کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے باقی 6 میچز بھی کھیلیں گے۔

آسٹریلین ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: رکی پونٹنگ (کپتان)، مائیکل کلارک، ڈوگ بولنگر، بریڈ ہیڈن، جان ہیسٹنگ، نیتھن ہارٹز، ڈیوڈ ہسی، مائیک ہسی، مچل جانسن، بریٹ لی، ٹم پین، اسٹیو اسمتھ، شان ٹیٹ، شین واٹسن اور کیمرون وھائٹ۔

XS
SM
MD
LG