کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے نویں گروپ میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آئر لینڈ کو 27 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعہ کے روز گروپ ”بی“ کی ٹیموں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان ڈھاکہ کے شیرِ بنگال نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنرز تمیم اقبال اور امراءالقیس نے بہترین آغاز کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا اسکور 6 اوورز میں 50 تک پہنچا کر بنگلہ دیش کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔
ساتویں اوور میں نیل او برائن نے امراء القیس کو 12 رنز پر اسٹمپ آئوٹ کیا جن کے بعد آنے والے جنید صدیقی محض 3 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال 43 بالوں پر 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے اور بوتھا کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ 86 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کی چار وکٹیں گرچکی تھیں جس کے بعد رحیم اور رقیب الحسن نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ٹیم کے مجموعی اسکور میں 61 رنز کا اضافہ کیا۔
آئرلینڈ کی طرف سے اپنا پہلا ایک روزہ عالمی میچ کھیلنے والے 18 سالہ لیفٹ آرم اسپنر جارج ڈاک ریل کی بال پر انیڈریو وہائٹ نے رحیم کو کیچ آئوٹ کیا جس کے اگلے ہی اوور میں ڈاک ریل نے اشرفل کی اہم وکٹ حاصل کی۔ اشرفل صرف ایک رن بنا سکے۔
بنگلہ دیش کی گرنے والی اگلی وکٹ رقیب الحسن کی تھی جو 38 کے اسکور پر رن آئوٹ ہوئے۔
آئر لینڈ کی جانب سے بوتھا نے 32 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جانسٹن اور ڈوکرل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئر لینڈ کی پوری ٹیم 45 اوورز میں 178 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔
بنگلہہ دیش کی طرف سے شفیع الاسلام نے 4 جبکہ شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ورلڈ کپ 2011ء میں آئرلینڈ کا یہ پہلا میچ تھا جب کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش دوسرے شریک میزبان بھارت سے 87رنز سے شکست کھا گیا تھا۔