رسائی کے لنکس

عمران خان کا اتوار کو مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان


تحریکِ انصاف کی ریلی کی قیادت عمران خان خود کر رہے ہیں۔
تحریکِ انصاف کی ریلی کی قیادت عمران خان خود کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے آئندہ اتوار کو لاہور میں مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور میں تحریکِ انصاف کی ریلی ان کی قیادت میں زمان پارک سے داتا دربار پہنچی۔

داتا دربار پہنچنے پر عمران خان نے گاڑی کے اندر سے خطاب کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں سب دودھ کا دوھ پانی کا پانی ہو گیا ہے۔

اس سے قبل جب عمران خان ریلی کی قیادت کے لیے لاہور میں زمان پارک کے علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے تو کارکنان کی بڑی تعداد اور سیکیورٹی اہل کار ان کے ہمراہ تھے۔

پی ٹی آئی کی یہ ریلی اتوار کو نکالی جانی تھی البتہ صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ اور امن عامہ کے لیے وفاق سے رینجرز کی خدمات طلب کرنے کے اعلان کے بعد عمران خان نے ریلی ملتوی کر دی تھی۔

پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ پیر کو دوبارہ لاہور میں زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی جائے گی۔

تحریکِ انصاف نے ریلی کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ اجازت لے لی تھی۔

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بھی لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ صوبے میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے۔ اس لیے دیگر جماعتوں کی طرح اسے بھی انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے۔

یہ ریلی ایسے وقت میں نکالی جارہی ہے جب اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال اور خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG