نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست نے بھارت کو دوسرے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں تو مصروف ہے لیکن سیریز کا فیصلہ آنے سے قبل ہی بھارتی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔
بھارت کو مسلسل دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن کے فائنل میں پہنچانے میں سب سے بڑا کردار گزشتہ بار کی چیمپئن ٹیم نیوزی لینڈ کا تھا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے خلا ف نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 285 رنز درکار تھے۔ کین ولیمسن کی ناقابلِ شکست سینچری کی بدولت میزبان ٹیم نےپیر کو ہدف آٹھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اگر سری لنکن ٹیم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتی تو ان کے پاس بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن سے محروم کرنے کا چانس ہوتا۔ لیکن کیویز ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے میچ جیت کر سری لنکا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
پوائنٹس ٹیبل پہلے نمبر پر موجود آسٹریلیا اور دوسرے نمبر پر موجود بھارت کی ٹیمیں اب سات جون کو لارڈز کے مقام پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں مدِ مقابل ہو ں گی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے مسلسل دو فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیسٹ ٹیم بن جائے گی۔
سال 2021 میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ پانچویں، پاکستان چھٹی، ویسٹ انڈیز ساتویں اور نیوزی لینڈ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے جب کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اس فہرست میں سب سے نیچے نویں نمبر پر ہے۔