ہالی وڈ فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' بہترین فلم کا آسکر جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے جب کہ یہ فلم دیگر سات بڑے ایوارڈز بھی اپنے نام کر کے سب سے نمایاں رہی۔
امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں اتوار کی شب آسکرز کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں ہالی وڈ کے اداکاروں،ہدایت کاروں اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کی رونقیں بڑھائیں۔
ایونٹ کی میزبانی جمی کمل نے کی جنہوں نے تقریب کے آغاز میں ٹام کروز اور جیمز کیمرون کی غیر موجودگی کا اعلان کیا جب کہ 'دی وومن کنگ' جیسی چند فلموں کے نامزد نہ ہونے پر بھی آواز اٹھائی۔
اتوار کی شام فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' بہترین فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکار و اداکارہ جیسے بڑے ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
دوسرے نمبر جرمن فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' رہی جس کے حصے میں چار ایوارڈز آئے۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم 'دی وہیل' کے لیے برینڈن فریزر کے نام رہا جب کہ مشیل یو کو فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین معاون اداکارہ جیمی لی کرٹس قرار پائیں جنہیں فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کے لیے ایوارڈ ملا جب کہ ویتنامی نژاد امریکی اداکار کے ہوئی کوان کو فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔
معروف تامل فلم 'آر آر آر' کے گانے 'ناٹو ناٹو' نے بیسٹ اوریجنل سونگ کاایوارڈ جیت کربھارت کی نمائندگی کی۔
اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں پاکستان کی کوئی فلم نامزد نہیں ہوئی البتہ نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اپنے شوہر کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔
آسکرز کی تقریب میں اداکار ٹام کروز اور ہدایت کار جیمز کیمرون شرکت نہ کر سکے جب کہ دونوں کی فلمیں ایک ایک ایوارڈ حاصل کر سکیں۔
جیمز کیمرون کی فلم 'ایواٹار: دی وے آف واٹر' کو بہترین ویژول ایفکٹس جب کہ ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن: میورک' کو بہترین ساؤنڈ کا ایوارڈ ملا۔
معروف فلم دی بینشیز آف انیشیرن، ایلوس، دی فیبل مینز، بیبی لون، دی بیٹ مین اور ٹار کو متعدد نامزدگیوں کے باوجود کوئی ایوارڈ نہ ملا۔
بہترین میک اپ اینڈ ہیئر اسٹائلنگ کا ایوارڈ 'دی وہیل' کے نام رہا جس میں برینڈن فریزر کو میک اپ کے ذریعے ایک بھاری جسامت کا شخص بنا کر پیش کیا گیا تھا۔
متعدد کیٹیگریز کے لیے نامزد ہونے والی 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' کو صرف بہترین کوسٹیوم ڈیزائن کا ایوارڈ ملا۔
اس کے علاوہ 'گیئرمو ڈیل ٹوروز پنوکیو' کو بہترین اینی میٹڈ فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ 'نوالنی' بہترین ڈاکیومینٹری قرار پائی۔
تقریب کے آغاز میں جمی کمل نے ان فلموں کا بھی تذکرہ کیا تھا جو متاثر کن ہونے کے باوجود نامزد نہ ہوسکیں۔ ان کا اشارہ 'وومن کنگ' جیسی فلموں کی جانب تھا جنہیں اکیڈمی ایوارڈز کی جیوری نے نامزد نہیں کیا۔
آسکرز میں سب سے زیادہ حیران کن جیت اداکارہ جیمی لی کرٹس کی تھی جنہیں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ان کے مقابلے میں 'وکانڈا فارایور' میں ملکہ کا کردار نبھانے والی اینجلا بیسیٹ مضبوط امیدوار تھیں۔
اسی طرح اداکار آسٹن بٹلر اور اداکارہ آنا ڈی آرمس بھی کوئی ایوارڈ نہ جیت سکے۔
تامل فلم 'آر آر آر' کے گانے 'ناٹو ناٹو' نے بہترین اوریجنل سانگ کی کیٹیگری میں 'ٹاپ گن: میورک' اور 'بلیک پینتھر: وکانڈا فارایور' کے گانوں 'ہولڈ مائی ہینڈ' اور 'لفٹ می اپ' کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
رواں برس تقریب میں کوئی ناخوش گوار واقعہ نہیں پیش آیا، میزبان جمی کمل نے اپنی افتتاحی تقریر میں گزشتہ برس ول اسمتھ کے میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی کو ان کی کوئی بات پسند نہ آئے تو وہ چپ رہے، ان تک پہنچنے کے لیے ان کے کئی دوستوں سے گزرنا پڑے گا جس میں اسٹیون اسپیلبرگ اور پیڈرو پیسکیل شامل تھے۔
ایونٹ کے دوران میزبان 'دی بینشیز آف انیشیرن ' میں کام کرنے والے گدھے کے ساتھ بھی اسٹیج پر آئے جس کا شکوہ تھا کہ اسے نامزد نہیں کیا گیا۔ جب کہ ایک دفعہ انہیں ہٹانے کے لیے 'ناٹو ناٹو 'کے ڈانسرز کی خدمات حاصل کی گئیں۔