|
صدر جو بائیڈن نے اتوار کو اپنی 2024 کی انتخابی مہم ختم کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نومبر کے بیلٹ پر ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کے طور پر کاملا ہیرس کی حمایت کی۔
پارٹی کے متعدد عہدیداروں نے کہا ہے کہ وہ صدر کی دوڑ میں ٹرمپ کے خلاف پارٹی کے معیار کی علمبردار کے طور پر بائیڈن کی جگہ ہیرس کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن دیگر نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ڈیموکریٹک پارٹی اگلے ماہ شکاگو میں ہونے والے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں دیگر صدارتی نامزدگیوں کے لیے بھی موقع دے۔
ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن 19سے22 اگست تک شکاگو میں ہوگا۔
بائیڈن کی جگہ لینے کے ممکنہ دعویدار
کاملا ہیرس
59 سالہ ہیرس کو بہت سے لوگ بائیڈن کے بے لاگ متبادل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ بائیڈن کے ساتھ نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینےکا ان کا تجربہ انتخابی مہم کے لیے ایک اثاثہ ہوسکتا ہے۔
جب سے سپریم کورٹ نے 2022 میں Roe v. Wade کے فیصلےکو تبدیل کیا تھا تب سے وہ تولیدی حقوق پر انتظامیہ کے موقف کی علامت بنی ہوئی ہیں۔
ہیرس بائیڈن کی وفادار رہی ہیں، اس مہینے کے شروع میں انہوں نے کہا، "مجھے جو بائیڈن کا رننگ میٹ ہونے پر فخر ہے۔"
ہیرس اس سے قبل کیلیفورنیا سے اٹارنی جنرل اور سینیٹر تھیں۔ سپریم کورٹ کے جج کے طور پر بریٹ کیوانو کی تقرری کی توثیق کے لیے ہونے والی سماعت میں ان کے سوالات نے 2018 میں قومی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
2020 میں انہوں نے صدارتی امیدواروں کے ابتدائی مباحثے میں اسکول کی بسوں کے ریکارڈ کے معاملے پر بائیڈن کو چیلنج کیا۔ انہوں نے اپنی مہم آئیووا کاکسز سے پہلے ختم کر دی تھی جو کہ پرائمری الیکشن کیلنڈر کا پہلا ایونٹ تھا۔
گریچن وٹمر
52 سالہ گریچن وٹمر مشی گن کی گورنر کے طور پر اپنی دوسری مدت میں ہیں، انتخابی لحاظ سے یہ ایک اہم ریاست ہے جہاں ٹرمپ نے 2016 میں کامیابی حاصل کی تھی اور 2020 میں وہاں بائیڈن جیتے تھے۔ وہ پہلے ریاستی قانون ساز تھیں، ریاستی ایوان اور سینیٹ دونوں میں خدمات انجام دے رہی تھیں اور چار سال کے لیے مشی گن سینیٹ کی اقلیتی لیڈر بن گئی تھیں۔
وہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی وائس چیئر ہیں اور انہوں نے مشی گن میں ترقی پسند ترجیحات منظورکیں جن میں اسقاط حمل تک رسائی اور بندوق سے حفاظت کے اقدامات شامل ہیں۔
وٹمر نے اپنے 2018 اور 2022 کے انتخابات میں 9 فیصد سے زیادہ پوائنٹس سے اس سوئنگ سٹیٹ میں گورنر کے لیے اپنی انتخابی مہم آسانی سے جیت لی تھی۔
گیون نیوزم
56سالہ گیون نیوزم طویل عرصے سے کیلیفورنیا کی سیاست سے منسلک ہیں اور اس وقت گورنر ہیں۔ وہ 2019 میں منتخب ہوئے اور 20 فیصد سے زیادہ پوائنٹس سے Recall الیکشن جیتا۔
نیوزم نے حال ہی میں ایک قانون پر دستخط کیے جس نے کیلیفورنیا کو پہلی ریاست بنایاجہاں اسکول کے ملازمین پر والدین کو طلباء کے جنسی رجحان اور صنفی شناخت کے بارے میں مطلع کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔
نیوزم نے 2023 میں فاکس نیوز پر فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس کے ساتھ،"بڑھتی ہوئی آمریت سے لڑنے" کے لیے ایک وفاقی سیاسی ایکشن کمیٹی بنانے کے موضوع پر مباحثہ کیا اور اس کے ساتھ ہی قومی توجہ کا مرکز بن گئے۔
نیوزم کو 2020 میں ناپا ویلی میں فرانسیسی لانڈری ریستوران میں کھانا کھا کر اپنی ہی COVID-19 پابندیوں کو توڑنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ ہفتے سی بی ایس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں، نیوزم نے کہا کہ وہ بائیڈن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہیں صدر کی انتخابی مہم میں ایک متبادل بھی سمجھا جاتا رہا ہے۔
پیٹ بوٹیجیج
بوٹیجیج 42سال کے ہیں،2021 میں ان کی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے طور پر نامزد گی اور اس کی توثیق کی گئی تھی۔ 2020 میں انہوں نے صدر کے امیدوارکے لیے انتخاب لڑا تھا اور آئیووا کاکسز میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور تقریباً نیو ہیمپشائر پرائمری جیت لی تھی۔
ان کا تعلق ساؤتھ بینڈ،انڈیانا سے ہے جہاں وہ 2012 میں میئر منتخب ہوئے اور 2020 تک خدمات انجام دیتے رہے۔
بوٹیجیج نے متعدد بحرانوں پر حکومت کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں مدد کی ہے، جن میں بالٹی مور فرانسس اسکاٹ کے برج کا گرنا اور اوہائیو میں مشرقی فلسطین ٹرین کا پٹری سے اتر جانا بھی شامل ہے۔
بوٹیجیج نے بائیڈن کے پیغام کو فاکس نیوز جیسے قدامت پسند نیوز آؤٹ لیٹس تک پہنچانے پر ڈیموکریٹس میں عزت پائی ہے اور بائیڈن کی ترجیحات کا فہم پیدا کرنے کی ان کی صلاحیت کی تعریف کی گئی ہے۔
اگر منتخب ہوئے تو، بوٹیجیج امریکہ میں ایسے پہلے صدر ہوں گے جو خود کوکھلے عام ہم جنس پرست کہتے ہیں۔
جوش شپیرو
جوش شپیرو، 51 برس کے ہیں، پنسلوینیا کے گورنر ہیں، ایک اہم سوئنگ ریاست جس نے 2016 میں ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا لیکن 2020 میں بائیڈن کی حمایت کی تھی۔
شپیرو کو گزشتہ سال ایک بڑی شاہراہ، انٹراسٹیٹ 95 پر ایک پل کے گرنے کے معاملے سے نمٹنے پر دونوں پارٹیوں کی جانب سے سراہا گیا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ اس کی مرمت میں مہینوں لگیں گے لیکن عارضی سڑکیں دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں کھول دی گئیں۔
اگر ہیرس ٹکٹ پر بائیڈن کی جگہ لے لیتی ہیں تو شپیرو کو ممکنہ نائب صدارتی امیدوار کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کیونکہ وہ ایک اہم سوئنگ ریاست میں اپنے ساتھ تنوع کے حامل لوگ اور مضبوط انتخابی نتائج لاسکتے ہیں۔
جمعرات کو جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نائب صدر کے انتخاب کے لیے ٹکٹ پر ہو سکتے ہیں، تو انہوں نے جواب میں کہا،"دیکھیے، مجھے گورنر کے طور پر کام کرنا پسند ہے اور میں نے واضح کر دیا ہے کہ میں صدارتی دوڑ میں کہاں کھڑا ہوں۔ یہ صدر کا فیصلہ ہے،"
اینڈی بشیر
46 سالہ اینڈی بشیر نے ریپبلکن کی طرف جھکاؤ رکھنے والی ریاست کینٹکی میں ریاست بھر میں جیتنے کی اپنی صلاحیت کے باعث ڈیموکریٹس میں قومی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔ 2023 میں ریاست کے سابق اٹارنی جنرل ڈینئیل کیمرون کو 5 فیصد پوائنٹس سے شکست دینے کے بعد کینٹکی کے گورنر کے طور پر بشیر کی یہ دوسری مدت ہے۔
بشیر نے 15 ہفتوں کے اسقاط حمل پر پابندی کے بل کو ویٹو کردیا ،حالانکہ کینٹکی کی ریپبلکن اکثریت والی مقننہ ان کے ویٹو کو اوور رائیڈ کر سکتی تھی۔ انہوں نے دیگر ریپبلکن ترجیحات کو بھی ویٹو کر دیا ہے، جیسا کہ ایک بل جو کہ ٹرانسجینڈر نابالغوں کے لیے صنفی تصدیق کی دیکھ بھال پر پابندی لگائے گا اور اسکولوں میں جنسیت اور صنفی شناخت پر بحث کو محدود کرے گا۔
اس سال کے شروع میں ملک بھر میں مزید ڈیموکریٹس کے انتخاب میں مدد کے لیے ایک وفاقی سیاسی ایکشن کمیٹی بنانے کے بعد قومی سطح پر ان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
اگر ہیریس ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار بن جاتی ہیں تو شپیرو کی طرح، بشیر کے بارے میں بھی ممکنہ نائب صدارتی امیدوار کے طور پر غور کیا جا سکتا ہے۔
اس سال کے شروع میں ملک بھر میں مزید ڈیموکریٹس کے انتخاب میں مدد کے لیے ایک وفاقی سیاسی ایکشن کمیٹی بنانے کے بعد قومی سطح پر ان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
فورم