رسائی کے لنکس

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی سے شکست، پلے آف مرحلے میں کون کس کا سامنا کرے گا؟


پاکستان سپر لیگ-8 (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے میں کون سی ٹیم کس کا سامنا کرے گی، اس کا فیصلہ آخری لیگ میچ سے قبل ہی پشاور زلمی کی فتح کے ساتھ ہی ہوگیا ہے۔

پشاور زلمی نے اتوار کو ہونے والے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر انہیں دوسری پوزیشن پر پہنچنے سے روک دیا ہے جس کے بعد اب دونوں ٹیمیں پہلے ایلی منیٹر میں آمنے سامنے ہوں گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پشاور زلمی کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تو لگ رہاتھا جیسے ایک مرتبہ پھر میچ میں بلے باز چھا جائیں لیکن محمد حارث کے سوا کوئی بھی بلے باز 50 رنز کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

ان فٹ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں اننگز اوپن کرنے والے محمد حارث نے صرف 39 گیندوں پر 79 رنز بناکر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔

محمد حارث کی اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے شامل تھے ۔

نمبر تین پر آنے والے بھنوکا راجاپاکسا کے ساتھ ا ن کی 115 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔

ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد نچلے نمبروں پر آنے والے کھلاڑی نہ چل سکے اور 20 اوورز میں پوری ٹیم آٹھ وکٹ پر صرف179 رنز ہی بناسکی۔

اسلام آباد کی جانب سے حسن علی نے تین اور شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فضل حق فاروقی، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

زخمی اعظم خان کے بغیر میچ کھیلنے والی اسلام آباد کے لیے 180 کا ٹارگٹ مشکل ثابت ہوا۔ فہیم اشرف کے 38 اور رحمان اللہ گرباز کے 33 رنز کے باوجود پوری ٹیم آخری اوور میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پشاور زلمی نے آج کے میچ میں فائنل الیون میں کئی تبدیلیاں کیں جس سے انہیں فائدہ ہوا۔

قائم مقام کپتان ٹام کوہلر کیڈمور نے جس طرح سلمان ارشاد، خرم شہزاد، مجیب الرحمان، جمی نیشم اور سفیان مقیم کو استعمال کیا، اس نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

خرم شہزاد اور سفیان مقیم نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا جب کہ عامر جمال اور جمی نیشم کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

اس کامیابی کےساتھ ہی پشاور زلمی نے 10 پوائنٹس حاصل کرکے ایک تو چوتھی پوزیشن پر اپنی گرفت مضبوط کی۔ دوسرا اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسری پوزیشن سے بھی محروم کر دیا۔

اس میچ کے بعد اب پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر موجود لاہور قلندرز اور سب سے کم میچ جیتنے والی کراچی کنگز کے مقابلے کی کوئی حیثیت نہیں رہی کیوں کہ اس میچ کے نتیجے میں پوائنٹس ٹیبل پر کسی کی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پلے آف مرحلے میں اب فائنل سے قبل تین میچ کھیلےجائیں گے جن کی میزبانی لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کرے گا۔

دو دن کے وقفے کے بعد کھیلا جانے والا پہلامیچ کوالی فائر ہوگا جس میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

جو ٹیم بدھ کو ہونے والا یہ میچ جیتے گی وہ 19 مارچ کو ہونے والا فائنل کھیلے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم جمعے کو ہونے والے ایلی منیٹر میچ کے لیے کوالی فائی کرے گی۔

اس میچ سے قبل جمعرات کو پہلا ایلی منیٹر کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

پہلے ایلی منیٹر میں ہارنے والی ٹیم کا سفر ایونٹ میں ختم ہو جائے گا جب کہ فاتح ٹیم کوالی فائر میں شکست کھانے والی ٹیم سے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جمعے کو نبرد آزما ہوگی۔

پی ایس ایل 8 کے فاتح کا فیصلہ اتوار کو ہوگا جب فائنل میں ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں ٹرافی کے لیے آمنے سامنے آئیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG