سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے منگل کو انسٹاگرام پر ٹک ٹاک جیسا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ یہ فیچر جس کا نام ‘Reels’ ہے، فی الحال امریکہ سمیت 50 ممالک میں جاری کیا گیا ہے۔
یہ فیچر ایک ایسے وقت میں متعارف کرایا گیا ہے جب فیس بک کی حریف کمپنی مائیکروسافٹ نے ٹک ٹاک کے امریکہ کے آپریشنز کو خریدنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے اور دونوں کمپنیوں میں 15 ستمبر تک معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹک ٹاک کی مالک کمپنی 'بائٹ ڈانس' نے، جسے امریکی صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے کے حوالے سے کئی مشکل سوالات کا سامنا ہے، مختلف ممالک میں ٹک ٹاک کے آپریشنز کو فروخت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ماہرین کے مطابق فیس بک کی جانب سے ‘Reels’ کا فیچر ریلیز کرنے سے فیس بک اور ٹک ٹاک کے درمیان مسابقت میں اضافہ ہو گا۔
دونوں کمپنیاں امریکی نوجوان صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہیں، جن کی بڑی تعداد پچھلے دو برسوں میں ٹک ٹاک کی جانب بڑھ چکی ہے۔
ٹک ٹاک کے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد صارفین ہیں جن میں سے 80 کروڑ سے زائد صارفین اسے مسلسل استعمال کرتے ہیں۔ امریکی مارکیٹ میں آٹھ کروڑ سے زائد صارفین ٹک ٹاک مسلسل استعمال کرتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق 2018 میں ‘Reels’ کا سب سے پہلے برازیل میں تجربہ کیا گیا۔ اس کے بعد اسے فرانس، جرمنی اور بھارت میں بھی آزمایا گیا جو چین کے بعد ٹک ٹاک کی سب سے بڑی منڈیاں تھیں۔
بھارت نے پچھلے مہینے چین کے ساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے بعد ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی ہے۔
ٹک ٹاک کی ہی طرح ‘Reels’ کے صارفین موبائل پر ورٹیکل ویڈیوز بنا سکتے ہیں جن میں وہ اپنی مرضی کے سپیشل ایفیکٹس اور میوزک لائبریری سے گانا وغیرہ بھی لگا سکتے ہیں۔
ایک جیسے فیچرز ہونے کی وجہ سے ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو کیون مئیرز نے ‘Reels’ کو ٹک ٹاک کی ‘کاپی کیٹ’ کا نام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے فیس بک کی طرف سے ایسا ہی ایک کاپی کیٹ فیچر ‘لاسو’ بھی فلاپ ہو چکا ہے۔
امریکی کانگریس میں ایک حالیہ سماعت میں بعض قانون سازوں نے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں سے کچھ سخت سوالات کئے تھے، کہا گیا تھا کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں مارکیٹ میں اپنی طاقت استعمال کر کے مقابلے کی فضا ختم کرنا چاہتی ہیں، جبکہ فیس بک پر ‘‘سنیپ چیٹ’’ جیسی کمپنیوں کے فیچرز چرانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔
منگل کے روز انسٹاگرام کے پراڈکٹس کے شعبے کے نائب صدر وشال شاہ نے ایک ویڈیو کال کے دوران رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے ‘Reels’ کے فیچرز کی اس مماثلت کا اعتراف کیا اور کہا کہ ‘پراڈکٹس کے بارے میں تخلیقی تحریک مختلف ذرائع سے آتی ہے جن میں فیس بک کی ٹیم اور ارد گرد کا پورا ماحول شامل ہیں۔’
انسٹاگرام ابھی ‘Reels’ پر صارفین کو اشتہارات دینےیا پیسہ کمانے کی سہولت فراہم نہیں کر رہا۔
‘Reels’ کی تشہیر اور اس کی آزمائش کے لیے انسٹاگرام نے آن لائن سٹارز کی خدمات حاصل کی ہیں، جن میں میرک ہانا اور موسیقار ٹیگاز بھی شامل ہیں۔ ٹیگاز کو ٹک ٹاک ہر میمز بنانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی اور انہیں حال ہی میں سونی اور اے ٹی وی نے سائن کیا ہے۔