سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک نے'لائیو شاپنگ' کے فیچر کو یکم اکتوبر 2022 سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ صارفین یکم اکتوبر سے فیس بک پر کسی بھی طرح کے نئے یا شیڈول لائیو شاپنگ ایونٹس کی میزبانی نہیں کر سکیں گے۔
صارف لائیو ایونٹس کو اگرچہ نشر کرنے کے لیے فیس بک لائیو کا استعمال کرسکیں گے لیکن وہ فیس بک لائیو ویڈیوز میں پروڈکٹ پلے لسٹس بنانے یا پرڈکٹس ٹیگ نہیں کرسکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 'ٹیک کرنچ' کے مطابق فیس بک پر لائیو اسٹریم ویڈیو کا فیچر متعدد ٹرائلز اور ٹیسٹوں کے بعد دو سال قبل عوامی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ فیچر تخلیق کاروں اور برینڈز کو سامان فروخت کرنے، ناظرین اور ممکنہ طور پر نئے صارفین سے جڑنے کا راستہ فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
تاہم فیس بک کا کہنا ہےکہ چوں کہ صارفین کے دیکھنے کے رویے مختصر دورانیے کی ویڈیو کی طرف تبدیل ہو رہے ہیں۔ ہم بھی فیس بک اور انسٹاگرام پر اپنی توجہ 'ریلز' پر مرکوز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریلز فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کی مختصر دورانیے کی ویڈیو پروڈکٹ ہے۔ مبصرین کے مطابق فیس بک چین کی ویڈیو ایپ ’ٹک ٹاک‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے ریلز پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارفین ویڈیو کے ذریعے لوگوں تک پہنچنا اور انہیں متوجہ کرنا چاہتے ہیں تو فیس بک اور انسٹاگرام پر ریلز اور ریلز ایڈز کے ساتھ تجربے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
فیس بک کے مطابق صارفین انسٹاگرام پر ریلز میں پروڈکٹس کو ٹیگ بھی کرسکتے ہیں۔
بلاگ پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ اگر آپ کے پاس چیک آؤٹ کے ساتھ شاپ ہے اور آپ انسٹاگرام پر لائیو شاپنگ ایونٹس کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں تو آپ انسٹاگرام پر لائیو شاپنگ سیٹ اپ کرسکتے ہیں۔
فیس بک کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپ اپنی پرانی لائیو ویڈیو کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو آپ سے اپنے پیج یا کریئیٹر اسٹوڈیو سے اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فیس بک نے گزشتہ نومبر کو ''تخلیق کاروں کے لیے لائیو شاپنگ'' کی آزمائش کا آغاز کیا تھا۔ اس فیچر میں تخلیق کاروں اور برینڈز کو اپنے دونوں صفحات پر کراس اسٹریم کی اجازت دی گئی تھی۔