پاکستان کے ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں ملک کے لیے پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔ اس طرح ایونٹ میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
چوبیس سالہ ویٹ لفٹر نے بدھ کو 109 کلوگرام سے زیادہ وزن کے مقابلے میں مجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھا کر نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔
نوح دستگیر نے اسنیچ میں 173 جب کہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔ اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ویٹ لفٹر ڈیوڈ لیٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ بھارت کے گردیپ سنگھ تیسرے نمبر پر رہے۔
نوح دستگیر بٹ سے قبل بدھ کو ہی پاکستان کے شاہ حسین شاہ نے جوڈو کی 90 کلو گرام کیٹیگری میں اپنے جنوبی افریقی حریف کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں یہ دوسرا موقعہ ہے کہ کسی پاکستانی ویٹ لفٹر نے طلائی تمغہ جیتا ہو۔ اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے میلبرن میں ہونے والے مقابلوں میں 85 کلوگرام وزن کے مقابلے میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
نوح کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 'ویل ڈن بٹ صاحب۔'