رسائی کے لنکس

کراچی: خاتون صحافی کی لاش برآمد، گلا دبا کر 'قتل' کیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے جنوبی ساحلی شہر کراچی میں ایک خاتون صحافی اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی ہیں اور ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل کی واردات معلوم ہوتی ہے۔

پینسنٹھ سالہ زیبا برنی کی لاش خداد کالونی میں واقع رہائشی اپارٹمنٹس سے پیر کو عید کے روز برآمد ہوئی، جسے قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ خاتون صحافی کی موت گلا دبانے سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع نے جمعرات کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ خاتون اس اپارٹمنٹ میں اکیلی رہتی تھیں اور پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ ان کا لوگوں سے میل جول نہ ہونے کے برابر تھا اور جب کبھی بھی وہ گھر واپس آتیں تو پوری طرح تسلی کر لینے پر ہی تالا کھول کر اندر داخل ہوتیں۔

ذرائع کے بقول اپارٹمنٹ والوں نے بتایا کہ جس دن یہ واقعہ پیش آیا اس رات ان کے اپارٹمنٹ کی بجلی خراب ہو گئی تھی اور رات دیر گئے تک زیبا برنی بجلی کی بحالی کے لیے نیچے لگے مین سوئچ بورڈ کے پاس کام کرواتی رہیں۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے یہ ظاہر ہو کہ یہ ڈکیتی کی کوئی واردات ہے۔ تاہم اصل محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مقتولہ کے بھائی فخر الحسن کی مدعیت میں پولیس نے بدھ کو واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ زیبا برنی موقر اردو روزنامے 'نوائے وقت' سے ریٹائر ہوئی تھیں اور ایک عرصے سے اس فلیٹ میں تنہا رہ رہی تھیں۔ ان کے شوہر نعیم قمر کا انتقال کئی برس پہلے ہو چکا تھا۔

XS
SM
MD
LG