رسائی کے لنکس

گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں: 'موسمیاتی تبدیلیوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں'


گلگت بلتستان میں دنیا میں قطب جنوبی اور شمالی کے بعد سب سے زیادہ گلیشیئرز پائے جاتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
گلگت بلتستان میں دنیا میں قطب جنوبی اور شمالی کے بعد سب سے زیادہ گلیشیئرز پائے جاتے ہیں۔ (فائل فوٹو)

گلگت بلتستان کی حکومت نے اس ماہ کے آغاز میں ہونے والی شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف مقامات پر قراقرم ہائی وے کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس دو روزہ پابندی کا مقصد سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانا بتایا گیا تھا۔

حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے بابوسر اور قراقرم ہائی وے سے گلگت بلتستان جانے والے کئی راستوں پر رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان کے مطابق حالیہ شدید بارشوں سے غذر، نگر، دیامر، گھانچھے اور استور کے اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں، زمینوں، پلوں اور واٹر سپلائی چینلز ، گھروں ، دکانوں اور مارکیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ جب کہ شدید بارشوں سے فصلوں اور پھل دار درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اسی طرح لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم تتہ پانی کے مقام پر اور بابوسر روڈ بھی متاثر ہوئے ہیں۔ گلگت شندور روڈ ضلع غذر کے مقام پر سیلاب کی زد میں آگیاہے۔ ضلع نگر میں ویلی روڈز اور دو پل سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

دوسری جانب ضلع گھانچھے میں چھوربٹ کے مقام پر ایک پل اور آبادی اور کئی نالے بھی سیلاب کی زد میں آئے ہیں۔ دریائے سندھ میں پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے گلگت سکردو روڈ بھی کٹاؤ کا شکار ہوا ہے۔

سیاحوں کے لیے گلگت بلتستان کے مہمان خانے
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:52 0:00

یہ پہلی بار نہیں کہ گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے سے تباہی کے مناظر سامنے آئے ہوں۔

اس سے قبل 18 مئی کو بھی گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں واقع شسپر گلیشیئر سے معمول سے زیادہ پانی کے اخراج کے بعد پاکستان اور چین کو ملانے والی شاہراہ قراقرم کو حفاظتی اقدام کے تحت وقتی طور پر بند بھی کر دیا گیا تھا۔ اس علاقے کے بعض رہائشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہا گیا تھا۔

"زیادہ نقصان انفرا اسٹرکچر کو پہنچا"

گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ولی خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث دیامر کے علاقے میں دو لوگ سیلاب میں بہہ گئے۔ اس وقت سب سے زیادہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں ںے بتایا کہ اس دوران 400 سے 500 خاندان بھی متاثر ہوئے ہیں جن کے گھر اور زمینیں تباہ ہوگئی ہیں۔

ولی خان نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے انفرا اسٹرکچر کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ تتہ پانی کی سڑک بند ہونے سے گلگت بلتستان کی سپلائی لائن متاثر ہوتی ہے جب کہ دیگر اضلاع میں بھی کئی مقامات پر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ایف ڈبلیو او، ورکس ڈپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مل کر کام کرتے ہیں۔

دنیا میں قطب جنوبی اور شمالی کے بعد سب سے زیادہ گلیشیئرز پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔
دنیا میں قطب جنوبی اور شمالی کے بعد سب سے زیادہ گلیشیئرز پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک یہ نقصانات 2010 میں شدید سیلاب سے ہونے والے تباہی سے کم رہے ہیں۔

ولی خان نے کہا کہ ہر سال بارشوں سے قبل پیشگی منصوبہ بندی کی جاتی ہے اور اس پرعمل بھی کیا جاتا ہے۔ اس دوران مشینری کی مختلف علاقوں میں موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ غذائی اشیا اور غیر غذائی اشیا کا ذخیرہ بھی کسی حد تک جمع کیا جاتا ہے۔ لیکن اس بار انفرا اسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات سے پرائیویٹ مشینری کی خدمات بھی حاصل کرنا پڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیئر تیزی سے پگھلتے ہیں جس سے معمول سے زیادہ پانی آتا ہے اور پھر نتیجتاً تباہی ہوتی ہے۔

'گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں'

دنیا میں قطب جنوبی اور شمالی کے بعد سب سے زیادہ گلیشیئرز پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔

عالمی درجۂ حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے یہ خطہ پچھلے چند برسوں سے شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔

اِن تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز جھیلوں کے پگھلنے سے آنے والے سیلاب(گلُاف)، تبدیل ہوتے ہوئے موسمی حالات، موسم کی شدت میں اضافے سمیت دیگر خطرات درپیش ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ادارے ’یو این ڈی پی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کی وجہ سے ملک کے شمالی علاقوں میں دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں واقع گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گلیشیئرز پگھلنے سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں اس وقت تین ہزار 44 گلیشئیل جھیلیں بن چکی ہیں اور ان کی تعداد میں پچھلے چند برسوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جھیلوں سے خطرات

ان میں سے فی الحال حکام نے 33 ایسی جھیلوں کی نشاندہی کی ہے جن کے پھٹنے سے سیلاب کی صورت میں زیادہ خطرناک صورتِ حال کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اس صورت میں لاکھوں کیوبک میٹر پانی اچانک نکلنے سے لوگوں کی جان، املاک، مال مویشی خطرے میں ہیں۔

یو این ڈی پی کے مطابق ان علاقوں میں آباد 71 لاکھ سے زائد افراد اس خطرے کے فوری زد میں ہیں او ر ان میں سے تقریباً ایک چوتھائی لوگ وہ ہیں جو خطِ غربت سے نیچےکی زندگی گزار رہے ہیں۔

خطہ پچھلے چند برسوں سے شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔
خطہ پچھلے چند برسوں سے شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔

قراقرم یونی ورسٹی کے شعبہ ماحولیات سے وابستہ گلگت بلتستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور رسک اسیسمنٹ پر تحقیق کرنے والے کرامت علی کا کہنا ہے کہ کلاوڈ برسٹ (یعنی کم وقت میں شدید بارش جس سے سیلابی کیفیت پیدا ہوجائے)کی وجہ سے پہاڑوں پر غیر معمولی موسلادھار بارشیں ہوتی ہیں۔ لیکن نیچے دیہات میں اس کی شدت کا اندازہ نہیں ہوتا۔

وہ بتاتے ہیں کہ جب یہی پانی تیزی سے نیچے آتاہے تو تباہی آتی ہے۔ ایسی صورتِ حال میں لوگوں کی جان و مال کا نقصان کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے اور انفرا اسٹرکچر کا نقصان بھی زیادہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس کا موازنہ پنجاب یا سندھ کے میدانی علاقوں میں سیلاب سے کیا جائے تو وہاں انتظامیہ کے پاس پیشگی مطلع کرنے کا وقت بھی ہوتا ہے۔ لوگوں کے پاس بھی وقت ہوتا ہے کہ وہ پانی آنے سے قبل محفوط مقامات پر پہنچ جائیں۔ لیکن یہاں یہ مہلت نہیں ملتی جس کی وجہ سے تباہی زیادہ ہوتی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے شواہد صاف نظر آرہے ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیٹلائٹ امیجز سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان گلیشیئرز میں موجود برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ سیٹلائٹ تصویریں 1973 کے بعدسے ملنا شروع ہوئی ہیں اور ان کو دیکھ کر با آسانی اندزہ لگایا جا سکتا ہے کہ درجۂ حرارت زیادہ ہونے سے یہاں جھیلوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ان کے بقول جوں جوں یہ جھیلیں بڑھتی جائیں گی، ظاہر سی بات ہے کہ وہ اپنے موجودہ رقبے کو توڑتے ہوئے بہہ نکلیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک جھیل اب تک تین بار آوٹ برسٹ ہو چکی ہے جس سے قریبی دیہات میں بڑی تباہی دیکھی گئی۔ اس ساری صورت حال کو دیکھ کرہم یہ کہہ سکتے ہیں دنیا جس موسمیاتی تبدیلی کی باتیں کرتی ہے ان کے شواہد یہاں صاف نظر آ رہے ہیں۔

حالیہ بارشوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے گلگت بلتستان جانے والے کئی راستوں پر رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔
حالیہ بارشوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے گلگت بلتستان جانے والے کئی راستوں پر رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔

اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے تحت ایک منصوبہ جاری ہے جس کے تحت اب تک 80 لاکھ ڈالر کے قریب رقم خرچ ہوچکی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ان خطرات کو کم کرنااور تباہی کی صورت میں فوری ردِعمل دینا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گُلاف سے پیدا ہونے والی تباہی کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ انجینئرنگ اسٹرکچر کے ذریعے جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات سے نقصانات میں کمی، لوگوں کو خطرے سے پیشگی آگاہی، موسم کی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے، غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے گھریلو باغ بانی کے فروغ اور جنگلات کی دوبارہ آباد کاری جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جس قدر تیزی سے درجۂ حرارت بڑھ رہا ہے اور موسمی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے لیے اجتماعی عالمی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG