امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا کے ہوائی اڈے کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے جہاں ایک تنہا مسلح شخص نے پانچ لوگوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ فورٹ لوڈرڈیل ائیر پورٹ کے کارکنوں نے ہفتے کی صبح تک اس ہوائی اڈے کو فعال کرنے کے لیے رات بھر کام کیا لیکن مسافروں سے کہا گیا کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں ائیر لائنز سے رابطہ کریں ۔
یہ مصروف ہوائی اڈہ جمعے کی سہ پہر اس کے بعد سے بند ہے جب ایک مسلح شخص نے سامان لینے کی جگہ پر فائرنگ کر کے پانچ لوگوں کو ہلاک اور مزید آٹھ کو زخمی کر دیا جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ہفتے کی صبح ایک نیوز کانفرنس میں گورنر اسکاٹ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے عہدے دار ابھی تک اس بارے میں پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اصل واقعہ کیا تھا۔
میامی ڈویژن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ایک عہدے دار جارج پیرونے کہا کہا ان کا ادارہ دہشت گردی سمیت، اس حملے کے پس پشت کار فرما محرک کا تعین کرنے کے لیے ہر زاویے سے کوشش کر رہا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے عہدے دار وں نے، جنہوں نے مشتبہ شخص کو پکڑا ہوا ہے، کہا ہے کہ وہ الاسکا سے تعلق رکھنے والا 26سالہ ایستبان سانتیاگوہے جو جمعے کے روز الاسکا کے مرکزی شہ اینکوریج سے ایک پرواز کے ذریعے ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف بی آئی" کا کہنا ہے کہ اس نے تاحال اس واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔ ایف بی آئی کے ایجنگ جارج پیرو نے جمعہ کو دیر گئے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا ادارہ "ہر ممکن امکان" بشمول دہشت گردی کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے حکام نے الاسکا سے تعلق رکھنے والے مشتبہ حملہ آور 26 سالہ ایسٹبن سانتیاگو کو جمعہ کو گرفتار کیا۔ یہ شخص الاسکا کے سب سے بڑے شہر انکرایج سے ایک پرواز کے ذریعے یہاں پہنچا تھا۔
پولیس کو یہ واضح نہیں تھا کہ اس حملے میں کتنے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں لہذا ہوائی اڈے کو کئی گھنٹوں تک بند رکھتے ہوئے پولیس نے یہاں موجود ہر شخص کی پوری طرح سے جانچ پڑتال کی۔ بعد ازاں حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں مبینہ طور پر ایک ہی شخص ملوث تھا۔
سانتیاگو کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق وہ نیشنل گارڈ کے رکن کے طور پر پورٹو ریکو میں بھی خدمات انجام دیتا رہا۔ گزشتہ سال وہ رضاکارانہ طور پر اپنی دماغی حالت کا معائنہ کروانے کے لیے ایک اسپتال پہنچا اور ڈاکٹروں کو بتایا کہ اسے ایسی تصوراتی آوازیں سنائی دیتی ہیں جو اسے دہشت گرد تنظیم داعش میں شمولیت کا کہتی ہیں۔
سانتیاگو 2010ء اور 2011ء میں دس ماہ تک عراق میں رہا۔ بعد ازاں اس نے الاسکا میں فوج کے نیشنل گارڈ میں شمولیت اختیار کر لی۔ بعض اطلاعات کے مطابق اسے گزشتہ سال غیر اطمینان بخش کارکردگی پر نیشنل گارڈ سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
جمعے کو پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر رِک اسکاٹ نے بتایا کہ انہوں نے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نو منتخب نائب صدر مائیک پینس سے رابطہ کر کے انہیں صورتِ حال سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نومنتخب صدر اور نائب صدر دونوں نے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رِک اسکاٹ کا تعلق ری پبلکن جماعت سے ہے۔
صحافیوں کے ایک سوال پر گورنر اسکاٹ نے کہا کہ انہوں نے صدر براک اوباما سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ڈونالڈ ٹرمپ اور مائیک پینس سے ذاتی تعلقات ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے صدر اوباما کے بجائے انہیں فون کیے۔
گورنر اسکاٹ نے کہا کہ بروورڈ کاؤنٹی میں واقع فورٹ لاڈر ڈیل کے ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد وہ اور ان کی انتظامیہ کے اہلکار ریاست کے تمام ہوائی اڈوں کے حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جاسکے۔
گورنر نے امریکی عوام سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور الاسکا کے شہر اینکریج سے براستہ منیا پولس آنے والی پرواز کے ذریعے فورٹ لاڈرڈیل پہنچا تھا جس نے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد اپنے سامان میں موجود آتشی اسلحہ نکال کر وہاں موجود افراد پر فائرنگ کی۔
عینی شاہدین نے ایک امریکی ٹی وی 'اے بی سی' کو بتایا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے چلا چلا کر کہہ رہا تھا کہ وہ یہودی نہیں ہے۔
فائرنگ کے بعد ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا اور یہاں کے لیے آنے والے جہازوں کو دیگر قریبی ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔