رسائی کے لنکس

فورڈ موٹر کا بھارت کو تجارتی مرکز بنانے کا اعلان


فورڈ موٹر کا بھارت کو تجارتی مرکز بنانے کا اعلان
فورڈ موٹر کا بھارت کو تجارتی مرکز بنانے کا اعلان

کار ساز امریکی کمپنی "فورڈ موٹر" کا کہنا ہے کہ وہ "فیگو" نامی اپنی بھارتی ساختہ گاڑی کی برآمدات کو 50 سے زائد ممالک تک فروغ دے کر چھوٹی کاروں کی تیاری کیلیے بھارت کو مرکز بنانا چاہتی ہے۔

دنیا کی پانچویں بڑی کارساز کمپنی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ "فیگو" نامی ماڈل گاڑی کی برآمدات کو جلد جنوبی افریقہ سے نیپال تک بڑھادیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق 1500 "فیگو" کاریں میکسیکو بھی برآمد کی جارہی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے شمالی افریقہ، کیریبین اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کیلیے بھی گاڑیوں کی برآمدات کا آغاز جلد کردیا جائے گا جن میں 85 فی صد تک بھارتی ساختہ گاڑیاں شامل ہونگی۔

واضح رہے کہ فورڈ کی جانب سے بڑی گاڑیوں کی تیاری میکسیکو میں کی جاتی ہے تاہم کمپنی نے اپنے "فیگو" ماڈل کی چھوٹی کاروں کیلیے بھارت کو مرکز بنایا ہے۔ ایک "فیگو" کار کی قیمت 12 ہزار امریکی ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔

کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دہائی میں اس کی تجارت میں ہونے والے اضافہ کا 70 فی صد ایشیاء پیسیفک اور افریقہ سےحاصل ہوگا۔

بھارت میں کاروں کی فروخت میں حالیہ عرصے کے دوران ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور صرف گزشتہ ماہ فروری میں ملک بھر میں 1 لاکھ 89 ہزار گاڑیوں کی فروخت ہوئی جو کسی بھی ایک ماہ میں فروخت ہونے والی گاڑیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

فورڈ کی جانب سے "فیگو" ماڈل کی گاڑیاں خاص طور پر بھارتی صارفین کی ضرورت اور قوتِ خرید کو پیشِ نظر رکھ کر تیار کی گئی تھیں۔ان گاڑیوں کو بھارت میں خاصی پذیرائی ملی ہے اور مارکیٹ میں پیش کیے جانے کے چھ ماہ کے اندر اندر 50 ہزار سے زائد گاڑیاں فروخت ہوگئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG