گال ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان سری لنکن ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان پر 333 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل 86 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جب کہ کوشال مینڈس 76 اور اوپننگ بلے باز اوشادا فرننڈو نے 64 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔
پیر کو گال ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر 36 رنز سے اننگز کو آگے بڑھایا۔ اس وقت فرننڈو 17 اور کسن راجیتھا تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی اسپنر محمد نواز نے ابتدا میں ہی ٹیم کو ایک کامیابی دلوائی اور 41 کے مجموعی اسکور پر راجیتھا سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ پر اوپننگ بلے باز اوشادا فرننڈو نے کشال مینڈس کے ساتھ مل کر نہ صرف رنز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ اپنی نصف سینچری بھی مکمل کرلی۔
سری لنکن بلے بازوں کی بیٹںگ کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ گال ٹیسٹ فیصلہ کن نتیجے کی طرف بڑھ رہا ہے اور پاکستان کو ایک بڑا ٹوٹل ملنے کی توقع ہے۔
اس سے قبل کھیل کے دوسرے روز پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے تھے۔
ایک موقع پر پاکستان کے سات کھلاڑی محض 85 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے اور اس طرح دکھائی دے رہا تھآ کہ پاکستان کا میچ میں واپس آنا نا ممکن ہے۔ تاہم بابر اعظم سری لنکن بالنگ اٹیک کے سامنے ڈٹے رہے اور انہوں نے نہ صرف اپنی سینچری مکمل کی بلکہ نسیم شاہ کے ہمراہ آخری وکٹ پر 70 رنز بھی جوڑے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 218 رنز بنائے جب کہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔