رسائی کے لنکس

خلیج عدن میں سات بحری قزاق گرفتار


اسپین کے ایک بحری جنگی جہاز نےخلیج عدن میں بحری قزاقوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے سات مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔

قزاقی کی روک تھام سے متعلق یورپی یونین کی فورس نے منگل کے روز بتایا کہ ایک چھوٹی کشتی میں سوار سات قزاقوں نے کیمیائی اشیا لے جانے والے ناروے کے ایک جہاز پر فائرنگ کی ۔

ایم وی بو سیگا نامی اس بحری جہاز پر سوار عملے کے ارکان نے ہنگامی مدد طلب کرتے ہوئے قزاقوں کو جہاز پر سوار ہونے سے روکنے کے لیے ان پر پانی پھینکا۔

حملے کی اطلاع ملنے پرچند ہی منٹوں کے اندر اسپین کے بحری جنگی جہاز سے ایک ہیلی کاپٹر ان کی مدد کو پہنچ گیا۔ جس پر قزاقوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں پکڑ لیا گیا۔ یورپی یونین کی فورس کا کہنا ہے کہ اس نے کشتی پر سوار سات افراد کو حراست میں لے کر ہتھیار برآمد کرلیے ہیں۔

یورپی یونین کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ مشتبہ افراد پر مقدمہ چلانے کے لیے غور کررہے ہیں۔

ایک روز قبل صومالی قزاقوں نے خلیج عدن میں پانامہ کے پرچم والے ایک مال بردار جہاز کویرغمال بنا لیا تھا۔

سعودی عرب کے ایک اخبار کے مطابق ایک انشورنس کمپنی صومالی قزاقوں کو دوکروڑ ڈالر دینے پر رضامند ہوگئی ہے جس کے بدلے میں وہ پانچ ماہ قبل یرغمال بنائے جانے والے ایک بحری آئل ٹینکر اور14 ارکان پر مشتمل اس کے عملے کو چھوڑ دیں گے۔

صومالیہ کی مرکزی حکومت اسلامی عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ ائی میں مصروف ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث وہ اپنے ساحلوں کے قریب بحری قزاقوں کے خلاف لڑنے سے قاصر ہے۔

XS
SM
MD
LG