ایک امریکی عدالت نے ایک صومالی قزاق کو مال بردار امریکی بحری جہاز کو یرغمال بنانے کے الزام ثابت ہونے پر 33برس اور نو ماہ کی قید کی سزا سنائی ہے۔
اِس صومالی شخص کا نام عبدالولی عبدی قادر موسے ہے، جنھیں گذشتہ سال صومالیہ کے قریب بحیرہٴ عرب میں امریکی بحری جہاز ‘مارسک الاباما’ کو یرغمال بنانے کا قصوروار قرار دیا گیا۔
استغاثے کا کہنا ہے کہ موسے اُس ٹولے کا سرغنہ تھاجِس نے اپریل 2009ء میں مارسک اور اُس کے عملے کو کچھ دیر تک اپنے قبضے میں رکھا تھا۔
امریکی بحریہ نے موسے کو اُس وقت حراست میں لیا جب کارروائی کی گئی جِس میں تین دیگر قزاق ہلاک ہوئے اور امریکی جہاز کے کپتان رچرڈ فلپس کو رہا کرالیا گیا۔
اِس سے قبل موسے نے مترجم کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ جو کچھ اُنھوں نے کیا وہ غلط تھا اور وہ اپنے کیے پر پشیمان ہیں۔
وکیلِ دفاع نے نیو یارک کی عدالت سے استدعا کی کہ سزا کو کم کرکے 27سال قید میں تبدیل کی جائے۔