رسائی کے لنکس

ندیم ہاشمی سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


پولیس نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم، عدالت نے پولیس کو صرف سات روز تک ریمانڈ میں رکھنے کی اجازت دی

متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی کو سات روزہ ریمانڈپر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ انہیں جمعرات کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر دو پولیس اہلکاروں کو قتل کرکے ان کا اسلحہ چھیننے کا الزام ہے۔

پولیس نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم، عدالت نے پولیس کو صرف سات روز تک ریمانڈ میں رکھنے کی اجازت دی۔ عدالت کے روبرو ندیم ہاشمی کے وکلا نے ان پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔

ندیم ہاشمی کو بکتربند گاڑی میں عدالت لایا گیا۔ ان کی سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی لیکن پولیس نے کسی کو بھی عدالت کے احاطے میں نہیں آنے دیا۔

ٹارگٹڈ آپریشن جاری، 30افراد گرفتار

دوسری جانب کراچی میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن بھی جاری ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پولیس نے لیاری گینگ وار اور بھتہ خوروں سمیت 30 ملزمان کو گرفتارکرنے اور ان سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

ترجمان کراچی رینجرز کے مطابق جمعرات کو بلال کالونی نیوکراچی، سرجانی ٹاوٴن، نصیر آباد، غفور بستی، مہران ٹاؤن، داؤد گوٹھ، سی ویو، رنچھوڑ لائن اور شو مارکیٹ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔

اعلیٰ سطح کا اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بلا تفریق کارروائی کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG