پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے بعد اب اگلی اتوار، یعنی 28ستمبر کو، لاہور کے تاریخی مقامی ’مینار پاکستان‘ پر جلسے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان پارٹی سربراہ عمران خان نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے اپنے کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد وہ اگلے مرحلے میں اندرون سندھ اور بلوچستان بھی جائیں گے اور دھرنا دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اندرون سندھ ظلم بڑھ رہا ہے اور وہ ظلم کے دلدل سے عوام کو نکالنے کے لئے سب کچھ کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام بہت جلد نیا پاکستان بنتا دیکھیں گے۔
ایک روز قبل کراچی میں کئے جانے والے جلسے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میری بات سے پہلے کراچی والے سمجھ جاتے تھے کہ میں کیا کہنے والا ہوں۔
انہوں نے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ’ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر نے والے11 کروڑ افراد کے بارے میں سوچنا ہے۔‘
بقول عمران خان، ’ملک میں آلودہ پانی پینے سے سالانہ 4 لاکھ بچے مرجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ناانصافی قبول نہیں کریں گے۔‘