رسائی کے لنکس

بھارت میں کووڈ-19 کا تیز پھیلاؤ بدستور جاری، حکومت پر ملک گیر لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ


احمد آباد میں ایک بھارتی خاتون اپنی خاوند کی کووڈ میں موت پر روتے ہوئے۔
احمد آباد میں ایک بھارتی خاتون اپنی خاوند کی کووڈ میں موت پر روتے ہوئے۔

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد پیر کے دن بھی ریکارڈ بلند سطح پر برقرار رہی جس سے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت پر اس دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ دنیا کے دوسرے سب سے گنجان آباد ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کریں۔

وزارتِ صحت نے تین لاکھ 66 ہزار ایک سو 61 نئے کیسز اور تین ہزار سات سو 54 ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے جس کے بعد ملک میں کل کیسز کی تعداد دو کروڑ 26 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ اور اموات کی تعدد دو لاکھ 46 ہزار ایک سو سولہ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ اسپتالوں میں آکسیجن اور بستر کم پڑ چکے ہیں اور قبرستان بھر گئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں جتنا کہ سرکاری طور پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

بہت سی ریاستوں نے گزشتہ ماہ سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا تھا، جب کہ کچھ نے لوگوں کی نقل و حرکت پر بعض پابندیاں لگا دی ہیں، جب کہ سنیما گھر، ریستوران، بار اور شاپنگ مالز بند کر دیے ہیں۔

کووڈ-19 کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجے میں وزیر اعظم مودی پر پچھلے سال کی طرز کا ملک گیر لاک ڈاون نافذ کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہیں مذہبی تقریبات میں بڑے اجتماعات کی اجازت دینے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران کیسز میں اضافے کے باوجود، بڑی انتخابی ریلیوں کے انعقاد کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکہ کے میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر ویپن نارنگ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ "گورننس کی ایک بہت بڑی اور تاریخی ناکامی ہے''۔

رائٹرز کے پارٹنرANI نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ حزب اختلاف کی سب سے اہم جماعت کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ویکسین لگانے کی ذمہ داری ریاستوں کے حوالے کر کے اپنی ذمہ داری سے روگردانی کی ہے۔

این ڈی ٹی وی نیوز چینل نے دہلی کے وزیر صحت کے حوالے سے خبر دی ہےکہ شہر میں ویکسین کی قلت ہو رہی ہے جب کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی تیار کردہ ایسٹرا زینیکا کی صرف تین سے چار دن کی سپلائی باقی رہ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، پیر تک دنیا میں سب سے زیادہ ویکسین تیار کرنے والے اس ملک میں لگ بھگ ایک ارب 35 کروڑ کی آبادی میں سے صرف تین کروڑ 48 لاکھ یا لگ بھگ ڈھائی فیصد لوگوں کو مکمل ویکسین دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG