رسائی کے لنکس

امریکی ویزا، بھارتی طالب علموں کی دلچسپی


دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طالب علموں میں سے تقریباً 12 فی صد بھارت سے تعلق رکھتے ہیں، جب کہ چین دوسرے نمبر پر آتا ہے

چند برسوں کی کمی کے رجحان کے بعد، اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بھارت سے امریکہ جانے والے طالب علموں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔

نئی دہلی سے ’وائس آف امریکہ‘ کی نمائندہ، آنجا پسریچا نے بتایا ہے کہ اس کا سبب بھارت میں اعلیٰ تدریس کے اداروں میں کمی ہے، جو نوجوانوں کی کثیر تعداد کی اعلیٰ تعلیم کی ضروریات پوری نہیں کر پاتے۔

امریکی تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کے لیے ویزا کے حصول کے لیے، نیو دہلی میں امریکی سفارت خانے کے سامنے روزانہ سینکڑوں نوجوان قطار میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
ویزا لگوانے کے اِن خواہش مندوں کا تعلق دہلی کے علاوہ شمالی بھارت میں جے پور اور لکھنؤ کے چھوٹے شہروں سے ہے۔


کچھ طالب علم کاروبار اور انجنیئرنگ میں اعلیٰ ثانوی تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں؛ جب کہ دیگر طالب علم امریکی یونیورسٹیوں میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ایک طالب علم کے بقول، مضامین میں لچک، اور پھر وہاں عملی تدریس پر زیادہ زور مثالی ہے۔ پھر آپ کو امریکی معاشرےکو دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی اور ملک اتنے مواقع فراہم کرتا ہوگا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طالب علموں میں سے تقریباً 12 فی صد بھارت سے تعلق رکھتے ہیں، جب کہ چین دوسرے نمبر پر آتا ہے۔

تاہم، 2009ء اور 2012ء کے درمیان امریکہ میں بھارتی طالب علموں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی، ایسے میں جب عالمی مالی بحران کے باعث، امریکی معیشت سست روی کا شکار رہی۔

نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ اس تعداد میں اب اضافہ آ رہا ہے، اور اکتوبر 2013ء کے بعد ’اسٹوڈنٹ ویزا‘ میں 40 فی صد کا اضافہ آچکا ہے۔

بیرون ملک جانے کے خواہشمند بھارتی طالب علموں کو امریکہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس وقت امریکی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم بھارتی طالب علموں کی تعدادتقریباً 100000ہے؛ جب کہ برطانیہ اور آسٹریلیا دیگر معروف منزل مقصود ہیں۔

بھارت کے تعلیمی مشیروں کا کہنا ہے کہ مالدار طبقے کے لیے بیرون ملک تعلیم کا حصول آسان بنا دیا ہے۔ تاہم، اس کا ایک سبب بھارت کی اچھی اعلیٰ تدریس گاہوں میں داخلے کے لیے مشکل مقابلے کا عنصر بی ہے، جہاں 1.2 ارب افراد 25 برس سے کم عمر کے پیٹے میں ہیں۔
XS
SM
MD
LG