رسائی کے لنکس

چینی سرحد کے قریب بھارتی ٹینک ڈوب گیا، پانچ فوجی ہلاک


دریائے شیوک میں فوجی تربیت کے دوران پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی وجہ سے ٹینک ڈوبا۔ (فائل فوٹو)
دریائے شیوک میں فوجی تربیت کے دوران پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی وجہ سے ٹینک ڈوبا۔ (فائل فوٹو)

  • چین کی سرحد کے قریب دریائے شیوک میں فوجی تربیت کے دوران پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی وجہ سے بھارت کا ٹینک ڈوبا۔
  • یہ حادثہ سرحد کے قریب سیسر برنگسا کے قریب پیش آیا۔
  • بھارت اور چین کی افواج مئی 2020 سے لداخ میں الرٹ ہیں۔
  • اس وقت دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان زمینی جھڑپیں ہوئی تھیں۔

ویب ڈیسک — بھارت کے چین کے ساتھ سرحدی علاقے لداخ کے دور افتادہ خطے میں ایک دریا کو عبور کرتے ہوئے ٹینک ڈوبنے سے پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق بھارتی آرمی کمانڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو دریائے شیوک میں فوجی تربیت کے دوران پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی وجہ سے ٹینک ڈوبا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ چین کے ساتھ سرحد کے قریب سیسر برنگسا کے قریب پیش آیا۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے واقعے کو ایک بد قسمت حادثہ قرار دیا۔

راج ناتھ سنگھ کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ قوم کے بہادر سپاہیوں کی مثالی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

سوگواران سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں قوم ان کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ بھارت اور چین کی افواج مئی 2020 سے لداخ میں الرٹ ہیں۔

دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اس وقت جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 20 بھارتی اور چار چینی فوجی مارے گئے تھے۔

ان جھڑپوں کے بعد دونوں اطراف ہزاروں فوجی تعینات ہیں جب کہ نئی دہلی اور بیجنگ نے کئی دہائیوں میں اپنے اس بد ترین فوجی تنازع کو حل کرنے کے لیے سفارتی اور فوجی مذاکرات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع 1950 کی دہائی کا ہے اور دونوں فریق 1962 میں اس پر جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG