رسائی کے لنکس

ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ: عالمی رہنماؤں کا ردِ عمل


 چینی صدر شی جن پنگ نے ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
  • یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ انہیں سابق صدر پر ہونے والی فائرنگ کے بارے میں جان کر حیرانی ہوئی۔
  • بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوست پر ہونے والے حملے پر شدید فکر مند ہیں۔
  • چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی سابق صدر پر حملے پر اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
  • اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ وہ سابق صدر کی حفاظت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
  • برطانوی وزیراعظم کیر سٹارمر کا اتوار کو کہنا تھا کہ وہ ریلی کے مناظر دیکھ کر گھبرا گئے ہیں۔

ویب ڈیسک — سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

سابق صدر امریکی ریاست پینسلوینیا میں انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے۔ اس دوران حملہ آور اور ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک جب کہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

پاکستان

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی مذمت کی ہے۔

آصف زرداری اور شہباز شریف کا الگ الگ بیانات میں کہنا تھا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

شہباز شریف کے بقول اس مشکل وقت میں اُن کی ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

آصف زرداری نے حملے کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بھارت

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوست (ڈونلڈ ٹرمپ) پر ہونے والے حملے پر شدید فکر مند ہیں۔ مودی کا کہنا تھا کہ سیاست اور جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

چین

چینی صدر شی جن پنگ نے ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین سابق صدر پر ہونے والے حملے سے متعلق صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

یورپی یونین

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کا ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے حملے پر کہنا ہے کہ ایک بار پھر وہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف ہونے والا ناقابلِ برداشت تشدد دیکھ رہے ہیں۔

برطانیہ

برطانوی وزیرِ اعظم کیر سٹارمر کا اتوار کو کہنا تھا کہ وہ ریلی کے مناظر دیکھ کر گھبرا گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی حالت میں سیاسی تشدد کی ہمارے معاشروں میں جگہ نہیں ہے۔

اسرائیل

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ وہ اور ان ک اہلیہ سابق صدر ٹرمپ پر کیے جانے والے حملے سے صدمے میں ہیں۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان کی حفاظت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

 ٹرمپ انتخابی ریلی میں زخمی ہو گئے
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:53 0:00

اٹلی

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ وہ پینسلوینیا سے آنے والی اپ ڈیٹس دیکھ رہی ہیں اور ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

یوکرین

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ انہیں سابق صدر پر ہونے والی فائرنگ کے بارے میں جان کر حیرانی ہوئی اور وہ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے تشدد کا دنیا میں کہیں بھی کوئی جواز نہیں ہے اور نہ کوئی جگہ ہے۔

برازیل، ارجنٹائن، جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی قیادت نے بھی ٹرمپ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG