رسائی کے لنکس

جاپان: انسانی خصوصیات کا حامل نیا روبوٹ متعارف


جاپان: انسانی خصوصیات کا حامل نیا روبوٹ متعارف
جاپان: انسانی خصوصیات کا حامل نیا روبوٹ متعارف

جاپانی سائنس دانوں نے انسانی خصوصیات کا حامل ایک نیا روبوٹ متعارف کرایا ہےجسے سونامی اور زلزلے سے تباہ ہونے والے 'فوکو شیما جوہری بجلی گھر' کے بحران سے نمٹنے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جاپان کی 'ہونڈا موٹر کمپنی' کی جانب سے منگل کو ٹوکیو کے نزدیک منعقدہ ایک تقریب میں نئے روبوٹ کی رونمائی کی گئی جو کمپنی کے 'اسیمو' روبوٹ سیریز کا نیا ورژن ہے۔

نیا روبوٹ نو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے اور پیچھے کی جانب دوڑنے کے علاوہ ایک فٹ تک چھلانگ لگانے، بند کنٹینر کو کھولنے اور گلاس میں مائع سیال انڈیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

روبوٹ کےتیار کنندگان نے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ روبوٹ انسانی صورتوں کو پہنچاننے اور انہیں ردِ عمل دینے اور بیک وقت پکار کر دیے گئے تین مختلف احکامات پر عمل درآمد کر سکتا ہے۔

'ہونڈا' موٹر کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ان کے تیار کردہ یہ روبوٹس جوہری بجلی گھروں اور ایسی تنصیبات میں استعمال کیے جاسکتے ہیں جہاں انسانوں کے لیے خدمات انجام دینا غیر محفوظ ہو۔

'ہونڈا' کا کہنا ہے کہ وہ 'فوکو شیما جوہری بجلی گھر' کے منتظم ادارے 'ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی' کے اشتراک سے تباہ شدہ بجلی گھر کی صورتِ حال پر قابو پانے کی کوششیں کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ بجلی گھر کے ایٹمی ری ایکٹرز رواں برس مارچ میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے سونامی کے باعث متاثر ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG