جاپان کے تیار کردہ انسانی شکل کے ایک روبوٹ’روبووی پی سی‘ نے دوٹانگوں پر چلنے والے روبوٹوں کی دنیا کی پہلی طویل دوڑ جیت لی ہے۔
روبووی کا قد 40 سینٹی میٹر ہے اور اس نے جاپان کے مغربی شہر اوساکا میں یہ مقابلہ ہفتے کے روز جیتا۔ ان کا قریبی مدمقابل روبوٹ اس دوڑ میں ان سے تقریباً ایک سیکنڈ کی دوری پر تھا۔
روبووی کا وزن دوکلو اور چارسو گرام ہے۔ مقابلہ جیتنے کے بعد اس نے اپنا فولادی ہاتھ فضا میں لہراتے ہوئے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو اس کی جیت پر تالیاں بجارہے تھے۔
میراتھن ریس جیتنے والے انسانوں کو مستقبل قریب میں یہ خطرہ نہیں ہے کہ کوئی روبوٹ انہیں چیلنج کرسکتا ہے۔ عموماً 42 کلومیٹر کا فاصلہ ایک اچھا اتھلیٹ تقریباً دو گھنٹوں میں طے کرتا ہے جب کہ روبووی نے یہ فاصلہ لگ بھگ 55 گھنٹوں میں طے کیا۔
بیٹری کی قوت سے چلنے والے روبوٹ نے اپنی دوڑ جمعرات کی صبح شروع کی تھی۔