رسائی کے لنکس

کراچی میں ضمنی انتخاب، جماعتِ اسلامی کا جلسہ


فائل
فائل

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقت این اے - 246 کے ضمنی انتخاب کی مہم اور سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہوتی جارہی ہیں۔

اس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف تو متحرک تھی ہیں لیکن اتوار کو جماعت اسلامی نے بھی ایک بڑا جلسہ کرکے حلقے میں اپنی قوت کا مظاہرہ کیا۔

شاہراہِ پاکستان پر ہونے والے جلسے سے جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کی خدمت کی ہے اور شہر کو آباد کرنے اور خوشحال بنانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن پاکستان کا امن ہے اور کراچی کی ترقی و خوشحالی، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پر امن کراچی پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی کے مرکزی رہنما وسیم اختر نے انتخابی مہم کے سلسلے میں اتوار کو حلقے کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اپنے خظاب میں ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو لسانیت اور تعصب قرار دے کر ہمیشہ ان کی مخالفت کرنے والے کراچی کے دوست کس طرح ہو سکتے ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کے بیان کے مطابق پارٹی کے مرکزی رہنما اور ضمنی انتخاب میں حلقے سے امیدوار عمران اسماعیل نے حلقے میں کارنر میٹنگ کی اور کہا کہ اہلِ کراچی شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

کراچی سے قومی اسمبلی کی یہ نشست ایم کیو ایم کے رکنِ نبیل گبول کے استعفے سے خالی ہوئی ہے اور اس پر ضمنی انتخاب 23 اپریل کو ہوگا۔ اس حلقے میں اب تک انتخابی مہم کے دوران کئی پر تشدد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG