رسائی کے لنکس

کراچی میں آتشزدگی کے 10 بڑے واقعات


کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی
کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی

کراچی شہر میں آتشزدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل آتشزدگی کے 10 بڑے واقعات ہوچکے ہیں جن میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا

کراچی میں گیارہ ستمبر کو گارمنٹس کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تاریخ کی سب سے بڑی ہولناک آگ قراردیا جارہا ہے، جس پر پچیس گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پایا گیا۔ تاہم، کراچی شہر میں آتشزدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل آتشزدگی کے 10 بڑے واقعات ہوچکے ہیں جن میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ لاکھوں روپے مالیت کا نقصان بھی ہوا۔

تاریخ وار واقعات کی بنیاد پر جمع کئے گئے اعداد و شمار کےمطابق ان کی تفصیلات کچھ یوں ہے:

۔سال 2006ء میں کراچی میں آتشزدگی کے مختلف واقعات پیش آئے جن میں متعدد افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

۔پندرہ جنوری 2007ءکو سائٹ ایریا میں واقع کپڑے کی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس سے فیکٹری کی عمارت منہدم ہوگئی اور ریسکیو کے 5 اہلکار جل کر ہلاک ہوگئے۔

۔دوسرا واقعہ اٹھارہ فروری 2007ءکوپاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی عمارت میں پیش آیا۔واقعے میں بڑے پیمانے پرآتشزدگی ہوئی جس پر19 گھنٹے بعد قابو پایا گیا ۔ گیارہویں سے لیکر چودہویں منزل تک آگ ہی آگ تھی جس کے سبب عمارت میں موجود ہر چیز جل کر راکھ ہوگئی۔

۔2007ء کی ہی بات کی جائے توانیس اگست کو پی این ایس سی کی عمارت میں ایک بار پھر آگ لگ گئی جس سے عمارت کی چوتھی سے دسویں منزل تک میں موجود تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔

۔ تئیس جنوری 2008ءکو سائٹ ایریا میں پینٹ بنانے والی ایک فیکٹری میں کیمیکل کے باعث آگ لگ گئی جس سے سات افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ آگ بجھانے کیلئے فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز کی مد د بھی طلب کی گئی۔

۔ایک اور واقعہ بیس مارچ 2008ءکو بورڈ آف ریونیو کی قدیم عمارت میں پیش آیاجس سے اہم سرکاری اور نجی ریکارڈ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

۔نوجنوری 2009ء کو نارتھ کراچی کے سیکٹر فائیو ایل میں واقع خالی پلاٹ میں قائم جھگیوں میں پراسرار طور پرآگ لگ گئی جس میں بائیس بچوں سمیت 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

۔سال 2009ء میں ہی شہر میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آئے جن میں 52افراد زندہ جل گئے۔

۔گیارہ دسمبر 2011ء کو گلشن اقبال میں اچانک آگ لگنے سے 50 سے زائد جھگیاں جل گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

۔رواں سال پانچ جنوری میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں آتشزدگی سے کپڑے کا گودام جل کر خاکستر ہوگیا۔ اسی سال اگست کے مہینے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، آگ کی شدت سے فیکٹری کی چھت گر گئی، لاکھوں روپے مالیت کا کیمیکل جل گیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
XS
SM
MD
LG