رسائی کے لنکس

کراچی میں 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ، کئی علاقوں میں کشیدگی


کراچی میں 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ، کئی علاقوں میں کشیدگی
کراچی میں 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ، کئی علاقوں میں کشیدگی

کراچی میں پیر کے روز ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں تین سیاسی کارکنوں سمیت چار افراد کی ہلاکت کے بعد کئی علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے شدید ہوائی فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کی اطلاعات بھی ہیں۔

کشیدگی کا سلسلہ پیر کی دوپہر اس وقت شروع ہوا جب کراچی کے علاقے الفلاح میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کردیا۔ حکومتی اتحاد میں شامل جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق دونوں مقتولین اے این پی کے کارکن تھے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔

بعد ازاں پیر کی شام ناظم آباد کے علاقے انکوائری آفس کے نزدیک نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے عادل جعفری نامی شخص کو ہلاک کردیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق مقتول ایم کیو ایم کا کارکن اور ناظم آباد، گلبہار کا جوائنٹ سیکٹر انچارج تھا۔

واقعے کے بعد ناظم آباد اور پاپوش نگر کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔ ان علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی بھی کی گئی جس کے دوران ایک بس، ایک رکشہ اور دو موٹرسائیکلوں کو بھی نذرِ آتش کردیا گیا۔ ان علاقوں سے شدید ہوائی فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

گلستانِ جوہر کے مختلف علاقوں اور ابولحسن اصفہانی روڈ پر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد ان علاقوں میں ٹریفک معطل ہوگیا اور دکانین بند ہوگئیں۔ نامعلوم افراد نے گلستانِ جوہر کے علاقے موسمیات پر بھی ایک بس کو نذرِآتش کردیا۔

اس سے قبل بہادر آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے مسافر بس میں سوار ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

XS
SM
MD
LG