برطانوی شہزادے ولیم کی اہلیہ اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن دورہ پاکستان مکمل کر کے برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ دونوں نے مسلسل پانچ دنوں تک پاکستان میں قیام کیا۔ اس دورے کی یادوں کو کیٹ مڈلٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'انسٹا گرام' پر پُرمسرت جذبات کے ساتھ پوسٹ کیا ہے۔
پاکستان سے برطانیہ پہنچنے کے بعد کیٹ مڈلٹن نے 'انسٹا گرام' پر لاہور، اسلام آباد اور چترال میں واقع مختلف مقامات کے دورے کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
برطانوی شہزادی کا پاکستان سے اظہار محبت اس بات کی دلیل سمجھی جارہی ہے کہ کیٹ اب تک پاکستان میں گزرے لمحات کو بھول نہیں سکی ہیں۔
کیٹ مڈلٹن نے لاہور کے ایک اسکول کا بھی دورہ کیا۔ اس دورے کی تصویر کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں کیٹ کو یتیم بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے، ہنستے ہنساتے، کھیلتے اور پڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈچز آف کیمبرج نے لڑکیوں کے ایک اسکول کا بھی دورہ کیا اور ان سے خطاب بھی کیا۔ ویڈیو میں اُنہیں خطاب کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
تصاویر کے ساتھ کیٹ مڈلٹن نے تحریر کیا ہے کہ "ایس او ایس اسکول کا ماحول بالکل گھر جیسا ہے جس میں خاندان کے تمام افراد ایک ساتھ محبت سے رہتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ کا خیال رکھتے ہیں۔"
وہ مزید لکھتی ہیں کہ "ان میں سے بہت سے بچے بہت تکلیف دہ حالات سے گزر کر یہاں پہنچے ہیں۔ لیکن یہاں ان کی ہر طرح سے دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ ان بچوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جارہا ہے۔"
اپنے دورے کے دوران انہوں نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس دوران وہ چترال بھی گئیں جہاں انہوں نے چترالی خواتین کا روایتی لباس بھی زیب تن کیا۔
ایک تصویر میں کیٹ کو ایک لڑکی کی جانب سے خوشی خوشی بریسلیٹ یعنی کڑا وصول کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک اور تصویر میں ولیم کئی یتیم بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ایک تصویر میں اُنہیں بچوں کے ساتھ ڈرائنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
کیٹ نے پوسٹ میں شہزادہ ولیم کی دو مسکراتے ہوئے لڑکوں کے ساتھ بنائی گئی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
اس پوسٹ کو اس قدر دلچسپی سے دیکھا جارہا ہے کہ اتوار کی صبح تک اسے دو لاکھ پچیس ہزار مرتبہ شیئر کیا جاچکا تھا جبکہ اب یہ تعداد مزید بڑھ گئی ہے۔