رسائی کے لنکس

نیٹو ممالک اپنی سرزمین کی حفاظت کریں گے، کیری


جان کیری نے کہا کہ نیٹو ممالک کو روس پر واضح کرنا ہوگا کہ ان کی سرزمین ناقابلِ تسخیر ہے اور وہ اپنے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے روس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو ممالک کی سرزمین ناقابلِ تسخیر ہے اور اتحادی افواج اس کے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گی۔

منگل کو واشنگٹن کے ایک تھنک ٹینک میں خطاب کرتے ہوئے جناب کیری نے روس پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرقی اور وسطی یورپ میں سکیورٹی کا موجودہ نظم تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک کو روس پر واضح کرنا ہوگا کہ ان کی سرزمین ناقابلِ تسخیر ہے اور وہ اپنے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے یوکرین میں پیش آنے والے واقعات کو 'نیٹو' کے رکن ملکوں کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک ثابت قدمی سے یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔

امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں پر مشتمل 28-رکنی دفاعی اتحاد 'نیٹو' کی قیادت واضح کرچکی ہے کہ اس کا یوکرین میں جاری بحران میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں جو 'نیٹو' کا رکن نہیں ہے۔

تاہم نیٹو قیادت یوکرین میں روس کی مداخلت پر سخت بیانات جاری کرتی رہی ہے اور گزشتہ ہفتے ہی اتحادی ممالک نے 'نیٹو' کے رکن مشرقی یورپی ملکوں کو روس کے خلاف اپنی حمایت کا یقین دلانےکے لیے خطے میں مزید بحری جہاز، جنگی طیارے اور فوجی دستے روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتحادی ممالک کے ان اقدامات پر روس نے امریکہ اور 'نیٹو' پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین کے بحران پر "اشتعال انگیز" بیانات جاری کرکے صورتِ حال کو مزید کشیدہ کر رہے ہیں۔

روس کے وزیرِ دفاع سرگئی شوئیگو نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کے پڑوسی یورپی ممالک میں 'نیٹو' افواج کی نقل و حرکت اور اتحادی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔

یورپ میں نیٹو کے فوجی کمانڈر جنرل ایڈرین بریڈ شا نے خطے کے ملکوں میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی اور دیگر ملکوں کے جنگی اور بحری جہازوں کی آمد کا دفاع کرتے ہوئے اسے "حالات کا تقاضا" قرار دیا ہے۔

مشرقی یورپ کے ملکوں میں 'نیٹو' کے اس فوجی اجتماع کے جواب میں روس نے بھی خطے میں اپنی فوجی نقل و حرکت میں اضافہ کردیا ہے اور روسی بحریہ کے دو جہاز بحیرۂ اسود میں تعینات روسی بحری بیڑے کی مدد کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG