امریکی وزیر خارجہ جان کیری اگلے ماہ قطر کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایران سے طے ہونے والے جوہری سمجھوتے کے بارے میں، خلیج تعاون تنظیم کے ساتھ بات چیت کریں گے، جس تنظیم نے خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
کیری نے جمعے کے روز کہا کہ وہ دوحہ جائیں گے، جہاں وہ اس گروپ کے ساتھ ملاقات کریں گے جو سعودی عرب، بحرین، کویت، اومان، قطر اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔
اعلیٰ امریکی سفارت کار نے یہ بھی کہا کہ اِسی دورے کے دوران، وہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کریں گے، جس کا مقصد شام میں داعش کے شدت پسندوں سے نمٹنا ہے۔
نیو یارک میں ’کونسل آن فارین رلیشنز‘ کے ساتھ انٹرویو میں سفر کے اپنے شڈول کا اعلان کیا۔
کیری نے کہا ہے کہ وہ قطر میں اپنے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا اعلان کریں گے، جس میں انسداد دہشت گردی اور خصوصی افواج کی تربیت کا معاملہ شامل ہوگا۔